قومی انڈر 19ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ میں 2کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگیا

منگل 7 اگست 2018 23:11

قومی انڈر 19ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ میں 2کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگیا
لاہور۔7 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) قومی انڈر 19ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ میں 2کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگیا،اسلام آباد نے خیبرپختونخوا کو 8-0سے زیر کرلیا،ایشال فیاض نے 3گول کئے،دوسرے کوارٹرفائنل میں پنجاب نے پنالٹی ککس پر سندھ کو 3-1سے مات دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون فٹ بال اکیڈمی گرائونڈ پر کھیلے جانے والے پہلے کوارٹر فائنل میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی نے خیبرپختونخوا کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں کامیابی سمیٹی، فاتح ٹیم کی طرف سے پہلا گول ایشال فیاض نے 17ویں منٹ میں کیا،ایمان فیاض نے شاندار انفرادی کوشش سے چند منٹ بعد ہی برتری دگنا کردی،پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل ایمل آفتاب نے حریف کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے سکور 3-0کردیا۔

وقفے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم نے مزید جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پے درپے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا،یسریٰ ملک نے 42ویں منٹ میں گول داغنے کے بعد چند لمحے بعد اگلی موو پر کامیابی حاصل کی،ویرا ایوب نے 53ویں منٹ میں بال کو جال کی راہ دکھائی تو ایشال فیاض نے میچ کے آخری لمحات میں مسلسل دو گول کرتے ہوئے سکور 8-0کردیا۔

(جاری ہے)

دوسرے کوارٹرفائنل میں پنجاب نے پنالٹی ککس پر سندھ کو 3-1سے مات دیدی،دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلے میں میچ 1-1گول سے برابر رہا تھا،سندھ کی جانب سے ملیحہ نے 15ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی،ماہین گل نے پنجاب کیلئے 29ویں منٹ میں کامیاب کوشش سے مقابلہ برابر کردیا، بعد ازاں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول نہ کرسکی اور فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔

وقت اشاعت : 07/08/2018 - 23:11:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :