ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان کو سیریز جیتنے کے لیے 280رنز ہدف مل گیا

کین ولیمسن اور نکولس کی سنچریاں،یاسر شاہ کے 4شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 دسمبر 2018 11:49

ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان کو سیریز جیتنے کے لیے 280رنز ہدف مل گیا
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 دسمبر2018ء) 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لیے کم از کم79اوورز میں280رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ٹیسٹ کے آخری روز کیویز نے اپنی اننگز272رنز4وکٹوں پر دوبارہ شروع کی تو کین ولیمسن 139رنز بنا کر حسن علی کا شکار بن گئے ، کیویز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے9اوورز میں81رنز سکور کرکے اپنا سکور353رنز تک پہنچایا تاہم اس دوران اسکی 7وکٹیں بھی گر گئیں جس کے بعد کین ولیمسن نے اننگز ختم کرنیکا اعلان کردیا ،پاکستان کیلئے یاسر شاہ نے 4وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 26رنز2وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو نائٹ واچ میں ولیم سمر وائل4رنز سکور کرنے کے بعد لیگ سپنر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے جس کے ساتھ ہی یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200وکٹیں مکمل کرنےوالے باﺅلر بھی بن گئے ، روس ٹیلر نے پاکستانی باﺅلرز کےخلاف جارحانہ انداز اپنا یا جو زیادہ دیر نہ چل سکا اوروہ 22رنز سکورکرنے کے بعد شاہین آفریدی کے ایک باﺅنسر پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے بلا ل آصف کے ہاتھوں جکڑے گئے، ہنری نکولس اور کین ولیمسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5ویں وکٹ کے لیے 212رنزکی شراکت داری قائم کرکے میچ پر کیویز کی گرفت مضبوط کردی ۔

(جاری ہے)

ولیمسن 139اور نکولس 90رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں ۔پاکستان نے محمد عباس کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نیل ویگنز کی جگہ ٹم ساﺅتھی اور اش سوڈھی کی جگہ 34 سالہ آف سپنر ویل سمروائیل کو شامل کیا گیا ۔واضح رہے کہ3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ابتک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دی تھی جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے ہرایا تھا۔
وقت اشاعت : 07/12/2018 - 11:49:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :