بلے سے ٹاس کرنے کا دیسی طریقہ آسٹریلیا بھی پہنچ گیا

برسبین ہیٹ اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے مابین ٹاس کرکٹ بیٹ اچھال کر کیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 دسمبر 2018 13:53

بلے سے ٹاس کرنے کا دیسی طریقہ آسٹریلیا بھی پہنچ گیا
برسبین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19دسمبر2018ء) کرکٹ میں بلے سے ٹاس کرنے کا دیسی طریقہ آسٹریلیا بھی پہنچ گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق 1877 ءسے بین الاقوامی کرکٹ میچز کے انعقاد کے بعد اب پہلی مرتبہ ٹاس کے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ، یہ فیصلہ آئی سی سی کی بجائے آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی بگ بیش ٹی 20 لیگ میں ٹاس کیلئے سکہ اچھالنے کے رویتی طریقے کی جگہ نیا طریقہ کار متعارف کروا یا،آسٹریلین بگ بیش لیگ میں ٹیموں کے کپتان ٹاس کے لیے سکے کی جگہ بلا اچھالیں گے، ٹاس کے اس طریقے کے تحت ہیڈ اور ٹیل کی جگہ ہلز یعنی بلے کی ابھار والی جگہ یا فلیٹ یعنی بلے کی سیدھی سطح پکاریں گے۔

لیگ کے پہلے مقابلے میں برسبین ہیٹ اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے مابین ٹاس کرکٹ بیٹ اچھال کر کیا گیا ،سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن نے بلا ہوا میں اچھال کر ٹاس کروایا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بگ بیش لیگ کے سربراہ کم مک کونی نے ٹاس کے لیے نئے طریقہ کار کو رائج کرنے کو زبردست لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی بگ بیش لیگ کی خوبصورتی ہے۔

کرکٹ میچز میں ٹاس کا یہ نیا طریقہ گلی محلے اور ساحل پر ہونے والے کرکٹ میچز میں اختیار کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم اب یہ طریقہ کار اعلی سطحی کرکٹ میں بھی رائج کیا جا رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر ممالک بھی اپنی ڈومیسٹک کرکٹ میں اس طریقہ کار کو رائج کریں گے۔ جبکہ اگر ٹاس کا یہ نیا طریقہ کار مقبولیت حاصل کرتا ہے، تو آئی سی سی بھی اس طریقہ کار کو اپنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔ 










وقت اشاعت : 19/12/2018 - 13:53:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :