شاہین شاہ آفریدی نے وہ کردکھایا جووسیم اکرم بھی نہیں کرپائے تھے

فاسٹ باﺅلر اپنے پہلے7ون ڈے میچز میں16شکار کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 جنوری 2019 15:41

شاہین شاہ آفریدی نے وہ کردکھایا جووسیم اکرم بھی نہیں کرپائے تھے
ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے 7ون ڈے میچز میں وہ کردکھایا ہے جو لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم بھی نہیں کرپائے تھے ۔ شاہین آفریدی نے اب تک7ون ڈے انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اوراس دوران و ہ اب تک17.06کی اوسط سے16شکار کرچکے ہیں ،اپنے پہلے 7ون ڈے میچز میں ان سے زیادہ شکار صرف عثمان خان شنواری(18) نے کررکھے ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 204 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے وان در ڈوسن اور پہلکوایو کی 127 رنز کی شراکت داری کی بدولت مطلوبہ ہدف 42 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کا 204 رنز کاآسان ہدف میزبان ٹیم کے لیے ابتدا میں مشکل بن گیا ، پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 5 مستند بلے بازوں کو صرف 80 رنز پر پویلین بھیج دیا ، اس موقع پر پاکستان کی جیت کے امکانات روشن ہوتے دکھا دیے لیکن وان در ڈوسن اور پہلکوایو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گرین کیپس کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا اورڈوبتی کشتی کو پار لگا کر سیریز 1،1سے برابر کردی۔

127 رنز کی فتح ساز پارٹنر شپ میں وان در ڈوسن 80 اور پہلکوایو 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ہینڈرکس نے 5،ہاشم آملہ اور کپتان ڈوپلیسی نے 8،8، ڈیوڈ ملر نے 31اور کلاسن بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں شاداب خان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔جنوبی افریقا نے پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم گزشتہ میچ میں لمبی اننگز کھیلنے والے امام الحق صرف 5 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد ون ڈاﺅن آنےوالے بابراعظم 37 کے مجموعی سکور پر 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

37 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ بھی وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 9 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جبکہ اوپنر فخرزمان بھی 26 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک اور شاداب خان نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم شاداب خان 18 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔85 رنز پرآدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ برقرار رہا، حسین طلعت 2، شعیب ملک 21 اور فہیم اشرف صفر پر چلتے بنے۔

112 رنز پر 8 وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے 90 رنز کی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 202 تک پہنچایا، سرفراز احمد 41 رنز پر بولڈ ہوئے جبکہ حسن علی 59 رنز کے ساتھ پویلین لوٹے، شاہین شاہ آفریدی ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے پھلوکوایو نے 4، شمسی نے 3، ربادا نے 2 اور اولیور نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ ٹیسٹ سریز میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو کلین سوئپ کیا تھا جب کہ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔ 
وقت اشاعت : 23/01/2019 - 15:41:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :