12واں آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل دو میچز کے فیصلے ہوں گے

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا مقابلہ سری لنکا، جنوبی افریقہ کا مقابلہ افغانستان سے ہو گا

جمعہ 14 جون 2019 16:57

لندن، کارڈف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل ہفتہ کو مزید دو میچز کے فیصلے ہوں گے، پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ میں رواں میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے سخت جنگ جاری ہے اسی سلسلے میں (آج) ہفتہ کو مزید دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا، آسٹریلوی ٹیم اب تک چار میں سے تین میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ سری لنکن ٹیم نے چار میں سے صرف ایک میچ میں فتح حاصل کی اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے، دفاعی چیمپئن کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے آئی لینڈرز کے خلاف میچ میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ افغانستان سے ہو گا، دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئیں اور اس میچ میں دونوں ٹیمیں ایونٹ کی پہلی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گی اسلئے زبردست مقابلے کی توقع ہے۔
وقت اشاعت : 14/06/2019 - 16:57:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :