ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240رنز کا ہدف دیدیا

کین ولیمسن اور روس ٹیلر کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 جولائی 2019 14:51

ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240رنز کا ہدف دیدیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2019ء) ورلڈکپ 2019 ءکے پہلے سیمی فائنل میں گزشتہ روز بارش سے متاثرہ نیوزی لینڈ اور بھارت کا میچ آج شروع ہوگیا ہے اور کیویز نے بھارت کو جیت کے لیے 240رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اگر آج بھی میچ بارش سے متاثر ہوجاتا ہے تو بھارت کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہورہا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا انتہائی سست انداز میں آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ بھی ایک رن پر گئی ، مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

19 ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر نکولس 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کین ولیمسن اور ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 134 کے مجموعی سکور پر ولیمسن 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ جیمز نیشم اور گرینڈ ہوم بھی بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران 47 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جب کیویز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے۔آج میچ دوبارہ شروع ہوا تو روس ٹیلر74رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،ٹام لیتھم10رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہوئے،میٹ ہینری صرف ایک رن بنا کر بھونیشور کمار کی تیسری وکٹ بنے،بارش کے باعث میچ کے لیے اگلا روز بھی متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے اور اس دن بھی میچ نہ ہونے کی صورت پر بھارت پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔

ورلڈکپ میں سیمی فائنل کیلئے بھارت نے 7 ویں مرتبہ کوالیفائی کیا ہے، اس سے قبل وہ 6 مرتبہ سیمی فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے اسے 3 میں کامیابی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جب کہ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 ویں مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے، کیویز اب تک ورلڈکپ کے 6 سیمی فائنلز میں ناکام اور ایک میں فاتح رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 10/07/2019 - 14:51:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :