پہلی سارک اسنوکر چمپئن شپ پاکستان کے اسجد اقبال نے جیت لی

جمعہ 6 ستمبر 2019 23:34

پہلی سارک اسنوکر چمپئن شپ پاکستان کے اسجد اقبال نے جیت لی
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2019ء) بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکا میں پہلی سارک اسنوکر چمپئن شپ پاکستان کے اسجد اقبال نے ہم وطن محمد بلال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر جیت لی ۔ قومی کیوئسٹ اسجد اقبال نے فائنل میں محمد بلال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد زیر کیا، اسجد اقبال نے ہم وطن کیوئسٹ کو 7 کے مقابلے میں 6 فریمز سے شکست دی۔

یہ مقابلہ سات گھنٹے تک جاری رہا، اسجد اقبال نے کامیابی کشمیریوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے لیے ایک اور ٹائٹل حاصل کرنے پر فخر ہے، انہوں نے محمد بلاول کو بھی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ محمد بلاول نے فائنل میں بہت ہی عمدہ مقابلہ کیا۔ محمد بلال نے کہا کہ میں شکست کے باوجود بہت خوش ہوں کہ ایک اور ٹائٹل پاکستان میں آیا ہے، اس بات کی بھی خوشی ہے کہ ہم دونوں نے بھارتی کھلاڑیوں کو سیمی فائنل میں شکست دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسجد اقبال اور محمد بلال نے سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اس چمپئن شپ میں میزبان ملک بنگلہ دیش کے علاوہ پاکستاان، بھارت، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ میزبان ملک سے 4 جبکہ دیگر ممالک سے دو، دو کیوئسٹس ایونٹ میں شریک ہوئے جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ فاتح کیوئسٹ کو 2500 ڈالرز، رنر اپ کو 1500 ڈالرز جبکہ چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کیوئسٹس کو 1000 ڈالرز نقد انعام دیا گیا۔
وقت اشاعت : 06/09/2019 - 23:34:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :