بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا فیصلہ درست ہے: سرفراز احمد

بابر کے ساتھ سلپ پر فیلڈنگ کرتا ہوں جس کی وجہ سے بابر اعظم سے کافی اچھی ہم آہنگی ہے، پہلے بھی اکثر اوقات بابر سے مشورہ لیا کرتا تھا: کپتان قومی ٹیم

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 14 ستمبر 2019 22:17

بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا فیصلہ درست ہے: سرفراز احمد
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر 2019) کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے بابر اعظم کو نائب کپتان بنائے جانے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا فیصلہ درست ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بابر اعظم کے ساتھ سلپ پر فیلڈنگ کرتا ہوں جس کی وجہ سے بابر اعظم سے کافی اچھی ہم آہنگی ہے، پہلے بھی اکثر اوقات بابر سے مشورہ لیا کرتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کے ساتھ ان کی قیادت کی مدت مکمل ہوئی تھی اور وہ اس حوالے سے مطمئن تھے کیوں کہ انہیں یقین تھا کہ جو بھی ہوگا اچھا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کیلئے سب سے اہم بات بطور کپتان بورڈ کے ساتھ رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھی بورڈ کے ساتھ ان کا مسلسل رابطہ تھا اور وہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے تھے۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد نے کہا کہ کپتان کی مدت کا تعین کرنا ان کا اختیار نہیں، ابھی انہیں وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی ملی ہے، بورڈ جس کو بھی بہتر سمجھے گا اسکو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردے گا۔

واضح رہے کہ کپتان سرفراز احمد گزشتہ چند روز کے دوران اپنی فٹس میں نمایاں بہتری لائے ہیں اور انہوں نے وزن 9 سے 10 کلوگرام کم کیا ہے۔ ان کی فٹنس پر محنت نے دیگر کرکٹرز کو بھی متاثر کیا اور یہی وجہ تھی کہ قائد اعظم ٹرافی کے پہلے روز کھیل کے بعد سرفراز احمد ساتھی کرکٹرز کو فٹنس بہتر کرنے کی ٹپس دیتے دکھائی دیے۔ کپتان نے میچ کے بعد باقاعدہ طور پر کھلاڑیوں کو ڈرلز کے بارے میں بھی بتایا اور ٹریننگ پر کنٹرول رکھنے کی ٹپس بھی دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ساتھی کرکٹرز سے انہوں نے فٹنس بہتر کرنے کا اپنا تجربہ شیئر کیا کیوں کہ ان کی خواہش ہے کہ ڈومیسٹک سطح پر بھی فٹنس کلچر کو بہتر کیا جائے ۔
وقت اشاعت : 14/09/2019 - 22:17:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :