کبڈی فیڈریشن نے خیبر پختونخواسمیت ملک بھر میں روایتی کھیل کبڈی کو فروغ دینے کیلئے زیاد ہ سے زیادہ مقابلوں کیلئے پلان ترتیب دیدیا

آئندہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کر رہے ہیں،سلطان بری کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 اکتوبر 2019 15:37

کبڈی فیڈریشن نے خیبر پختونخواسمیت ملک بھر میں روایتی کھیل کبڈی کو فروغ دینے کیلئے زیاد ہ سے زیادہ مقابلوں کیلئے پلان ترتیب دیدیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) خیبر پختونخواکبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سلطان سید علی شاہ المعروف سلطان بری نے کہاہے کہ پاکستان کبڈی فیٖڈریشن نے خیبر پختونخواسمیت ملک بھر میں روایتی کھیل کبڈی کو فروغ دینے اور زیاد ہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کے انعقاد کیلئے پلان ترتیب دیدیاگیاہے اور انشاء اللہ آئندہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں کرانے کیلئے پروگرام تشکیل دی جارہی ہے ،جسکے لئے کبڈی فیڈریشن نے باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ رو زپشاور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انکاکہناتھاکہ اس حوالے سے گزشتہ روزپنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منعقدہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا،جس کی صدارت صدر چودھری شافع حسین نے کی،جس میں سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور آئندہ ہونے والی گیمز اور ایونٹس کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان آرمی، ایئرفورس، نیوی، واپڈا، ریلوے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور خیبر پختونخواسمیت چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں چودھری سرور، اختر عباس خواجہ، رائے مسعود، طاہروحید، کمانڈر(ر)شاہد نذیر اور فریاد حسین بھی شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدرچودھری شافع حسین نے کہا کہ کبڈی ہماری روایتی کھیل ہے اس کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کیا جانا چاہئے، تاہم بعض نام نہاد تنظیم کھلاڑیوں کو خراب کر رہی ہے جسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،اسے جلد نے نقاب کر دیا جائے گا۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کبڈی کھیل کو بڑا پسند کرتی ہے اسی لئے آئندہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیاء کے علاوہ پورے یورپ میں کبڈی کے کھیل کو فروغ دے رہا ہے۔سلطان بری نے بتایاکہ اجلاس میں نئے سالانہ بجٹ، ورلڈ جونیئر کبڈی ٹورنامنٹ اور ساتھ ایشین سپورٹس ٹیم کی منظوری دی گئی جبکہ فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ 25 ایونٹس کی مکمل رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

اجلاس میں کرتار پور راہداری کے افتتاح کے بعد انٹرنیشنل کبڈی میچ کروانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلہ میں سات رکنی کمیٹی کی منظوری دی گئی، جس میں دو خواتین کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ اولمپک گیمز کے حوالے سے بھی لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔
وقت اشاعت : 23/10/2019 - 15:37:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :