دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کو تحفہ دینگے، اوون فیرل

پیر 28 اکتوبر 2019 14:46

دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کو تحفہ دینگے، اوون فیرل
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2019ء) دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ رگبی ٹیم کو رگبی ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے سیمی فائنل میں شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والی انگلینڈ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور کپتان اوون فیرل نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کو فائنل میچ میں شکست دیکر دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کو تحفہ پیش کرینگے، انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہیں، انہوں نے کہاکہ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد انکی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں اوون فیرل نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ ٹائٹل کے حصول کیلئے آئندہ بڑے میچ میں توقعات سے بڑھ کر کھیل پیش کرنا ہوگا۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے 2003 میں پہلی مرتبہ میگا ایونٹ اپنے نام کیا تھا جس کے فائنل میں انگلینڈ نے سڈنی میں میزبان آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 28/10/2019 - 14:46:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :