اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ، پاکستان نے اومان کو 147 رنز سے ہرا دیا، حیدر علی کی سنچری

پیر 18 نومبر 2019 16:44

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ، پاکستان نے اومان کو 147 رنز سے ہرا دیا، حیدر علی کی سنچری
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ میں پاکستان نے اومان کو 147 رنز سے ہرا دیا، اومان کی ٹیم 320 رنز کے تعاقب میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، خوشدل شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حیدر علی نے 118 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

پیر کو شیخ کمال سٹیڈیم، کوکس بازار میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے، اوپنر حیدر علی نے دو چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 118 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں کپتان روحیل نذیر 64 اور خوشدل شاہ (ناٹ آئوٹ) 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اومان کی جانب سے محمد ندیم اور فیاض بٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اومان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 172 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، محمد ندیم 46 ، نسیم خوشی 45 اور سندیپ 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے خوشدل شاہ نے تین جبکہ ثمین گل، محمد محسن اور محمد حسنین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ حیدر علی کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 18/11/2019 - 16:44:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :