کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کرنا ملکی مفاد میں ہے، جان شیر خان

جمعرات 19 مارچ 2020 12:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2020ء) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کرنا ملکی مفاد میں ہے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تقریبا پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور اس سے بچائو کیلئے احتتاطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ملک میں سپورٹس سرگرمیوں کو روکنا انتہائی اچھا اقدام ہے، عالمی وبائی بیماری سے بچنا بہت ضروری ہے، کھیلوں میں انٹرنیشنل سطح پر نتائج حاصل کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں دنیا پر کئی برسوں تک سکواش کے میدان میں حکمرانی کرنے والے جان شیر خان نے کہا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچہ میں حکمت عملی تیار کئے بغیر نتائج حاصل کرنا ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی دل لگا کر محنت کریں تو دس سے بارہ سال کے عرصہ میں کھیلوں ہر دوبارہ حکمرانی قائم کی جاسکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں اتنے کم وسائل کے باوجود میں نے بہت محنت کرکے دنیا میں بارہ سال تک ملک کا نام روشن کیا، یہ بہت بڑا عرصہ ہے، انہوں نے کہا کہ میں دن میں آٹھ سے دس گھنٹے تک سکواش کورٹ میں تربیت حاصل کرتا تھا، ہمارے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے اور کوچ کے پاس کھلاڑی بارے میں ہر طرح کی معلومات ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کے دور میں کھلاڑی کھیل پر توجہ دینے کے بجائے کھیل کے میدان میں بھی انٹرنیٹ پر وقت ضائع کرتے رہتے ہیں، اگر ہمارے کھلاڑی نے نتائج حاصل کرنے ہیں تو غیر ضروری انٹرنیٹ پر کام کرنا بند کردیں اور آٹھ سے بارہ گھنٹے روزانہ پریکٹس کریں تو انٹرنیشنل سطح پر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/03/2020 - 12:27:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :