کورونا کی تشخیص ہونے پر فرانسیسی فٹبال کلب کے ڈاکٹر نے خود کشی کرلی

لیگ ون فٹبال کلب ریمس کے ڈاکٹر برنارڈ نے خود کشی سے پہلے ایک خط بھی لکھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 اپریل 2020 16:16

کورونا کی تشخیص ہونے پر فرانسیسی فٹبال کلب کے ڈاکٹر نے خود کشی کرلی
پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اپریل 2020ء ) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور عالمگیر وبا نے ابتک ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے تاہم اب موت کے خوف سے لوگوں نے خود کشیاں بھی شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے لیگ ون کلب ریمس کے ڈاکٹر برنارڈ گونزالیز نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر خودکشی کر لی۔

فرانسیسی فٹبال کلب ریمس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ریمس کلب اور سیکڑوں مرد و خواتین برنارڈ کی موت پر افسردہ ہیں۔ فرانسیسی فٹ بال کلب ریمس کے میئر کا کہنا تھا کہ 60 سالہ ڈاکٹر برنارڈز گونزالیز اس کلب کیساتھ گزشتہ 20 سالوں سے وابستہ تھے۔ میئر نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر برنارڈز نے خودکشی سے پہلے ایک خط بھی لکھا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے ابتک 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 93 ہزار کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔ دنیا کے درجنوں ممالک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد وقت سے جاری لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی اور 6 اپریل کی دوپہر تک دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ کے قریب جا پہنچی تھی۔

عالمی ادارہ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 6 اپریل کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12 لاکھ 78 تک جا پہنچی تھی۔جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے وہاں دنیا بھر میں اس سے ہلاکتیں بھی جاری ہیں اور 6 اپریل کی دوپہر تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 69 ہزار 500 سے زائد ہو چکی تھی۔عالمی میپ کے مطابق دنیا بھر میں بیمار ہونیوالے مریضوں میں سے 6 اپریل کی دوپہر تک 2 لاکھ 65 ہزار کے قریب افراد صحت یاب بھی ہوچکے تھے ، جس میں سے سب سے زیادہ مریض چین میں 78 ہزار کے قریب صحتیاب ہوچکے تھے۔
وقت اشاعت : 06/04/2020 - 16:16:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :