پاک انگلینڈ سیریز، کرکٹ کا گھر لارڈز کورونا کے سبب ٹیسٹ کی میزبانی سے محروم رہیگا

ابتدائی دونوں میچز کا میزبان اولڈ ٹریفورڈ اورتیسرے کا روز باؤل ہیمپشائر ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 مئی 2020 13:53

پاک انگلینڈ سیریز، کرکٹ کا گھر لارڈز کورونا کے سبب ٹیسٹ کی میزبانی سے محروم رہیگا
لندن ،لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی 2020ء ) پاک انگلینڈ سیریز میں کرکٹ کاگھر لارڈزکورونا کے سبب سونا رہے گا جب کہ شیڈول کے مطابق وہاں 30 جولائی سے پہلا ٹیسٹ ہونا ہے مگر حالیہ صورتحال میں ایسا ممکن نہیں لگتا۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ مشکل صورتحال میں بھی انگلش کرکٹ بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بے تاب ہے، اس نے8 جولائی سے سرگرمیاں بحال کرنے کیلیے سنجیدگی سے پلاننگ شروع کر دی، ویسٹ انڈیز کیخلاف 4 سے 29 جون تک شیڈول ٹیسٹ سیریز 8 جولائی سے شروع کرکے اگست کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کیلیے بات چیت جاری ہے، پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز 30 جولائی سے 24 اگست تک مکمل ہونا تھی،اب اس کا بھی نظرثانی شدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست سے شروع کرایا جائیگا۔

(جاری ہے)

انگلش کرکٹ بورڈ دونوں ٹیموں کیخلاف 6 ٹیسٹ میچز صرف 2 وینیوز پر کرانے کے پلان پر کام کر رہا ہے، ویسٹ انڈیز کیخلاف 2 ٹیسٹ روز باؤل ہیمپشائر جبکہ ایک ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستان سے ابتدائی دونوں میچز ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، تیسرا اور آخری ایجز باؤل ،ہیمپشائر میں ہوگا، ٹیسٹ میچز کے دوران 3 دن کا وقفہ رکھا جائے گا، دونوں بائیو سکیور وینیوز کے ساتھ ہوٹل ملحق ہونے کی وجہ سے انتظامی امور اور حفاظتی انتظامات میں آسانی ہوگی۔
وقت اشاعت : 05/05/2020 - 13:53:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :