کراٹے کے کھیل میں خواتین کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،وسائل مہیا کئے جائیں تو بین الاقوامی سطح پر مزید میڈلز لا سکتی ہیں، شاہدہ عباسی

حکومت کی جانب سے سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنا خوش آئند بات ہے، گفتگو

اتوار 17 مئی 2020 14:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2020ء) کراٹے کی انٹرنیشنل خواتین کھلاڑی شاہدہ عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں کراٹے کے کھیل میں خواتین کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل مہیا کئے جائیں تو بین الاقوامی سطح پر مزید میڈلز لا سکتی ہیں۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں بلکہ ان سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے ہر میدان میں اپنا لوہا منوایا ہے خواہ تعلیم اور معاشیات کا شعبہ ہو، سیاست یا کھیلوں کا میدان ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی نے بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں بے پناہ میڈلز حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، گذشتہ سال یکم دسمبر سے 10 دسمبر تک نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں سونے اور چاندی کے دو تمغے حاصل کرنے والی کھلاڑی شاہدہ نے کہا کہ کراٹے کا کھیل بھی آہستہ آہستہ دنیا میں مقبولیت اختیار کر رہا ہے اور گذشتہ سائوتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے سب سے زیادہ 19 میڈلز کراٹے میں ہی حاصل کئے تھے جن میں چھ سونے، آٹھ چاندی اور پانچ کانسی کے شامل تھے، انہوں نے کہا کہ میرے علاوہ میری دوسری ساتھی خواتین نے بھی میڈلز حاصل کئے ہیں جن میں کلثوم ہزاہ، ثناء کوثر، نرگس، اقراء انور، ناز گل اورصابرہ گل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سائوتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامی رقوم تقسیم کرنا خوش آئند بات ہے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہونگے اور کھلاڑی مزید زیادہ سے زیادہ محنت کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے، انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے جنہوں نے دن رات کھلاڑیوں کو تربیت دے کر اس اہل بنایا۔

انہوں نے کرونا وائرس کے حوالے سے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء پوری دنیا میں پھیل چکی ہے اور اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں پر روز دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ کرونا وائرس کی وباء سے بچا جا سکے۔
وقت اشاعت : 17/05/2020 - 14:55:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :