رمیز راجہ کی امام الحق کو انگلینڈ کیخلاف نمبر 3 پر کھلانے کی تجویز

فواد عالم کی عمر انکا ساتھ چھوڑتی جا رہی ہے،لازمی چانس دینا چاہئے،نئی گیند کا سامنا کرنیوالے پلیئرز کی بدولت مڈل آرڈر پر دباؤ کم ہوگا :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 15 جولائی 2020 13:57

رمیز راجہ کی امام الحق کو انگلینڈ کیخلاف نمبر 3 پر کھلانے کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جولائی 2020ء ) سابق قومی کپتان اور دور حاضر کے بہترین کمنٹیٹر رمیز راجہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں تین اوپننگ بیٹسمین کھلانے کے حامی ہیں جن کا جواز ہے کہ نئی گیند کا سامنا کرنے والے تین پلیئرز کی بدولت مڈل آرڈر پر دباؤ کم ہو جائے گا۔یو ٹیوب پر لائیو چیٹ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پرانی گیند کو سوئنگ کرنے کیلئے لعاب کے استعمال کی پابندی کے پیش نظر ٹاپ آرڈر میں تین اوپنرز نئی گیند کا ڈٹ کر سامنا کر سکیں گے جس سے مڈل آرڈر بیٹسمینوں پر خود ہی دباؤ کم ہو جائے گا لہٰذا شان مسعود اور عابدعلی کے بعد نمبر تین پر امام الحق کو چانس دیا جائے جو نئی گیند کا عرصہ گزار سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف اصل جنگ ہی نئی گیند کا مقابلہ کرنے کی ہوگی اور ایک اضافی اوپنر اس حوالے سے موثر کردار نبھا سکتا ہے تاہم انہیں علم نہیں کہ پاکستانی ٹیم نے چھٹے نمبر پر بین اسٹوکس کی طرح اننگز کو سنبھالنے والا کوئی آل راؤنڈر تلاش کیا ہے یا نہیں لیکن اس کی موجودگی انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو ایک سپنر اور تین فاسٹ بالرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے جس میں سے کوئی ایک بیٹنگ کی اہلیت بھی رکھتا ہو۔انہوں نے فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمر ان کا ساتھ چھوڑتی جا رہی ہے لہٰذا ان کو لازمی چانس دینا چاہئے ۔
وقت اشاعت : 15/07/2020 - 13:57:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :