انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف بولنا چاہیے :شاہد آفریدی

بطور مسلمان بھی جہاں ظلم ہو اس کیخلاف بولنا چاہیے،گوتم گھمبیر کیخلاف جنگ میدان میں تھی اور اس میں کوئی خرابی نہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 3 اگست 2020 16:01

انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف بولنا چاہیے :شاہد آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3اگست 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف بولنا چاہیے، سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کی شدید مخالفت کے باوجود کڑوے حقائق بیان کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب انسانیت کا درس دیتا ہے،بطور مسلمان بھی جہاں ظلم ہو اس کے خلاف بولنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ گوتم گھمبیر کے خلاف جنگ میدان میں تھی اور اس میں کوئی خرابی بھی نہیں، بہر حال اس طرح کی باتوں کا اثر عام زندگی پر نہیں ہونا چاہیے،میدان سے باہر سب دوست ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میں صرف خدمت کی سیاست کرنا چاہتا ہوں،کورونا وائرس کی وجہ سے فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا موقع ملا، ملک بھر میں براہ راست لوگوں سے رابطہ کیا، خوش آئند بات یہ ہے کہ خود وائرس کا شکار ہونے سے قبل لوگوں تک خوراک وغیرہ پہنچانے کا موقع ملا، اس دوران کرکٹ سرگرمیوں سے دور رہا، ٹریننگ کا سلسلہ تو چلتا رہا، بیٹ اور بال کو ہاتھ نہیں لگایا، سیاست میں تو ہوں لیکن صرف خدمت کی سیاست کرنا چاہتا ہوں۔

                                                                                                             
وقت اشاعت : 03/08/2020 - 16:01:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :