سابق کھلاڑیوں کی سرفراز احمد کی حمایت میں ٹیم انتظامیہ پر کڑی تنقید

چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان کے ساتھ یہ سلوک نامناسب :شعیب اختر، دیگرسینئرزبغیر کٹس پہنے بیٹھے رہے :راشد لطیف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 8 اگست 2020 12:29

سابق کھلاڑیوں کی سرفراز احمد کی حمایت میں ٹیم انتظامیہ پر کڑی تنقید
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2020ء ) انگلینڈ کیخلاف مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے دن سابق کپتان سرفراز احمد کا بارہویں پلیئر کی حیثیت سے فرائض انجام دینا ٹیم انتظامیہ کیلئے سابق کھلاڑیوں کی جانب سے کڑی تنقید کا باعث بن گیا اور شعیب اختربھی خود کو یہ کہنے سے نہ روک سکے کہ چار سالہ قائدانہ دور کے بعد بارہواں پلیئر بنا دینا کسی طرح قابل قبول نہیں اور کہا کہ ماضی قریب میں کامیاب ترین ٹی ٹونٹی کپتان کو جوتے اٹھا کر میدان میں آنا پڑے جب کہ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر جیسے سینئر پلیئرز نے قومی کٹس کے بجائے ٹریک سوٹس پہنے ہوئے تھے جو ٹیم سپرٹ ہرگز نہیں ہے لیکن سرفراز احمد کی عظمت ہے کہ انہوں نے کھیل کے جذبے کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض نبھائے مگر ایسا ہونا نہیں چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کراچی کے کسی پلیئر کو اس طرح کی مثال بنانا چاہتا تھا تو یہ سراسر غلط بات ہے اور کسی بھی ایسے پلیئر کیلئے یہ بات قابل قبول نہیں جس نے چار سال تک قومی ٹیم کی کپتانی کی ہو۔راولپنڈی ایکسپریس نے مزید کہا کہ پانی پلانا یا جوتے اٹھانا کوئی مسئلہ نہیں لیکن کسی سابق کپتان سے یہ سب کرانا زیب نہیں دیتا۔ سوشل میڈیا پر بھی سرفراز احمد کا بارہواں کھلاڑی بنایا جانا موضوع بحث بنا رہا اور اکثریت کا یہی خیال تھا کہ سابق کپتان کے بجائے کسی جونیئر کرکٹر کو بارہواں پلیئر بنا دینا بہتر ہوتا۔
وقت اشاعت : 08/08/2020 - 12:29:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :