لیونل میسی کا بارسلونا کلب نہ چھوڑنے کا اعلان

میں کلب کیخلاف نہیں کھیلنا چاہتا ، بارسلونا چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤںگا :شہرہ آفاق فٹبالر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 ستمبر 2020 11:47

لیونل میسی کا بارسلونا کلب نہ چھوڑنے کا اعلان
بارسلونا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 ستمبر 2020ء ) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے سپینش فٹ بال کلب بارسلونا نہ چھوڑنے کا اعلان کردیا تاہم رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ میسی کے پاس اِس کے علاوہ کوئی آپشن موجود نہیں تھا۔ لیونل میسی نے پچھلے ہفتے بارسلونا کلب انتظامیہ کو فیکس بھیجا جس میں اپنے معاہدے میں شامل شق کا حوالہ دیتے ہوئے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیا تھا۔

لیکن اب میسی نے بارسلونا چھوڑنے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کلب کے خلاف نہیں کھیلنا چاہتے اور بارسلونا چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔ عالمی میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بارسلونا سے ہونے والے معاہدے میں طے پایا تھا کہ فٹ بالر جب چاہیں کلب چھوڑ سکتے ہیں لیکن کلب کی خواہش کے بغیر صرف اسی صورت میں بارسلونا چھوڑ سکتے ہیں اگر کوئی حریف کلب ان کی خدمات کے حصول کے لیے 700 ملین یورو کی خطیر رقم بارسلونا کو ادا کرے اور کسی دوسرے کلب کے لیے اس شرط کو پورا کرنا ممکن نہیں اسی لیے انہوں نے کلب میں رہنے کافیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

33 سالہ لیونل میسی نے 2004ء میں بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تھی، یہ ان کے کیریئر کا واحد کلب ہے جس کے ساتھ وہ مسلسل 20 سال سے منسلک ہیں۔ لیونل میسی بارسلونا کلب کے ساتھ 4 مرتبہ چیمپئنز لیگ جیت چکے ہیں اوردنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی میسی کو اسی کلب میں شمولیت کے دوران ملا۔ میسی کے اس فیصلے کو ان کے فینز کی جانب سے بہت سراہا جارہا ہے اورلوگ کافی خوش ہیں۔
وقت اشاعت : 05/09/2020 - 11:47:17