ہسپانوی ایتھلیٹ کی اصول پرستی دیکھ کر شائقین داد دیے بنا نہ رہ سکے

سینٹنڈر ٹرائٹھلون 2020ء‘ میں برطانوی ایتھلیٹ جیمز ٹیگل سپینش کھلاڑی کو سخت ٹکر دے رہے تھے ،ریس ٹریک کی اختتامی لکیر پروہ لڑ کھڑا گئے اور غلطی سے تماشائیوں کی طرف مڑ گئے ، ڈیگو مینڈریڈا ان سے آگے بڑھ گئے، ہسپانوی کھلاڑی سپورٹس مین شپ دکھاتے ہوئے ٹریک کی اختتامی لکیر پر آکر رک گئے اور انہیں تیسری پوزیشن لینے دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 ستمبر 2020 17:40

ہسپانوی ایتھلیٹ کی اصول پرستی دیکھ کر شائقین داد دیے بنا نہ رہ سکے
بارسلونا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2020ء ) سپینش ایتھلیٹ ڈیگو مینڈریڈا نے دوڑ کے مقابلے میں ایسا ناقابل فراموش اقدام اٹھایا جس پر ان کے مداح داد دیے بغیر نہ رہے اور سوشل میڈیا پر بھی کھلاڑی کے خوب چرچے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سپین کے شہر بارسلونا میں جاری کھیلوں کے مقابلے ’سینٹنڈر ٹرائٹھلون 2020ء‘ میں ہسپانوی ایتھلیٹ ڈیگو مینڈریڈا نے تھرڈ پوزیشن اور کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بجائے اپنے حریف کو موقع فراہم کردیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق دوڑ کے مقابلے میں برطانوی ایتھلیٹ جیمز ٹیگل سپینش کھلاڑی کو سخت ٹکر دے رہے تھے لیکن جوں ہی ریس ٹریک کی اختتامی لکیر آئی وہ لڑ کھڑا گئے اور غلطی سے تماشائیوں کی طرف مڑ گئے۔

(جاری ہے)

اس صورت حال کے باعث جیمز ٹیگل کا تسلسل ٹوٹ گیا اور ڈیگو مینڈریڈا ان سے آگے بڑھ گئے، لیکن اس دوران ہسپانوی کھلاڑی نے سپورٹس مین شپ کی اعلیٰ مثال قائم کی اور ٹریک کی اختتامی لکیر پر آکر رک گئے، ڈیگو نے خود تیسری پوزیشن اور کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بجائے حریف کو موقع دے دیا۔ اس منفرد اقدام پر ’سینٹنڈر ٹرائٹھلون 2020ء‘ انتظامیہ نے ڈیگو مینڈریڈا کو بھی اعزازی تیسری پوزیشن، کانسی کا تمغہ اور انعامی رقم بھی دی۔
وقت اشاعت : 22/09/2020 - 17:40:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :