ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پہلے دن 3 وکٹوں پر 222 رنز بنائے

کین ولیمسن 94 رنز پر ناقبال شکست، شاہین آفریدی کی 3 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 26 دسمبر 2020 10:38

ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پہلے دن 3 وکٹوں پر 222 رنز بنائے
ماؤنٹ مونگانوئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 دسمبر 2020ء ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا لیے ہیں۔ ماؤنٹ مونگا نوئی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی لیکن تمام کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔

کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹام لیتھم اور ٹام بلنڈل نے کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے دونوں کھلاڑیوں کو 13 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

(جاری ہے)

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کین ولیمسن اور راس ٹیلر وکٹ پر جم گئے اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 100 سے زائد رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے 133 رنز پر راس ٹیلر کو بھی اپنا شکار بنایا، راس ٹیلر 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کین ولیمسن اور ہینری نکولس نے نیوزی لینڈ کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھتے ہوئے دن کے اختتام تک ٹیم کا سکور 222 رنز پہنچایا، ولیمسن 94 اور نکولس 42 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تینوں وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 26/12/2020 - 10:38:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :