نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ اسرار احمد نے جیت لی

جمعرات 15 مئی 2014 19:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2014ء) نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ سوئی نادرن گیس کے اسرار احمد نے جیت لی فائنل میں پنجاب کے سلمان ہاشمی کو 3-0 سے شکست ، انڈر الیون میں نورزمان جبکہ انڈر13 میں ذیشان ملک نے ٹائٹل اپنے نام کئے ۔ مہمان خصوصی بیس کمانڈر ایئر کموڈور وسیم حسین نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر سابق ورلڈ چیمپئن قمرزمان ، سیکرٹری جنرل احسان الله خان ، محبوب خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے پی اے ایف ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں جاری انڈر19 کافائنل گزشتہ روز سوئی نادرن گیس کے اسراراحمد اور پنجاب کے سلمان ہاشمی کے مابین کھیلا گیا جس میں اسراراحمد نے 11-5,11-7 اور11-8 سے کامیابی حاصل کرکے جونیئر ٹائٹل اپنے نام کیا اس سے قبل کھیلے گئے انڈر الیون کیٹگری کے فائنل میں خیبرپختونخوا کے نورزمان نے پی اے ایف کے محمد عماد کو 11-8,11-6 اور11-9 سے شکست دی جبکہ انڈر13 کے فائنل میں ذیشان ملک نے عزیر شوکت کو 10-12,7-11,11-9,12-10 اور11-9 سے شکست دیکر فتح حاصل کی ۔

(جاری ہے)

آخر میں مہمان خصوصی بیس کمانڈر ایئر کموڈور وسیم حسین نے تمام فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ سکواش کے فروغ میں اہم رول ادا کررہا ہے ،ہمیں زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹ گراس روٹ لیول پر منعقد کرانے چاہیے تاکہ نئے ٹیلنٹ سامنے آسکے انہوں نے کہا کہ پی اے ایف کے دروازے ہمیشہ کیلئے کھلاڑیوں کیلئے کھلے ہیں ۔ امید ہے کہ بہت جلد ہم سکواش میں کھویا ہوا مقام حاصل کرلینگے ۔

وقت اشاعت : 15/05/2014 - 19:26:51