ورلڈ کپ وارم اپ میچ، اطالوی اسٹرائیکر مونٹولیوو کی ٹانگ ٹوٹ گئی

پیر 2 جون 2014 14:07

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2جون 2014ء) آئرلینڈ کیخلاف بغیر کسی گول ڈرا ہوجانے والے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں اطالوی مڈفیلڈر مونٹولیوو ٹانگ ٹوٹ جانے کے بعد ورلڈکپ سے باہر ہوگئے۔وہ برازیل جانے کی بجائے میلان واپس جاکر سرجری کرائیں گے، ہفتے کی شب دوران میچ ا?ئرش دفاعی کھلاڑی الیکس پیرس سے گیند چھیننے کی کوشش میں انھیں یہ انجری پیش آئی، روٹرڈیم پر میزبان نیدرلینڈز نے گھانا کو1-0سے قابوکرلیا، فیصلہ کن گول روبن وان پیرسی نے اسکورکیا، لزبن میں پرتگال اور یونان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوگیا، سوئٹزرلینڈ کے شہرسیون میں الجیریا نے آرمینیا کو 3-1 سے مات دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں اٹلی کو ا?ئرلینڈ کیخلاف بغیر کسی گول کے ڈرا ہوجانے والے مقابلے میں بڑا دھچکا پہنچ گیا، ان کے مڈفیلڈر مونٹولیوو کی ٹانگ میں فریکچر ہوگیا، جو پہلے ہاف میں حریف دفاعی کھلاڑی الیکس پیرس سے گیند چھیننے کی کوشش میں انجرڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں اطالوی منیجر سیسار پرانڈیلی پردباؤبڑھ گیا،29 سالہ مونٹولیوو کو چوٹ لگ جانے پر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اسکین ٹیسٹ کے نتائج نے ان کے ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ جانے کی تصدیق کردی، اس طرح وہ برازیل ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے اور سرجری کیلیے میلان واپس چلے جائیں گے، پرانڈیلی نے میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مونٹولیوو کیساتھ پیش آنے والے حادثے پر ہمارے اسکواڈ میں شامل ہر ایک غمزدہ ہے، وہ ہمارا اہم مہرہ تھا، وہ صرف میدان ہی میں نہیں بلکہ کھیل سے باہر بھی ٹیم اپنے رویے سے سب کو متاثر کرتا تھا، وہ بہت اچھی عادات کا مالک تھا، میرے خیال میں اسی وجہ سے تمام پلیئرز اس کے میگا ایونٹ سے باہر ہوجانے پر افسردہ ہیں۔

پرانڈیلی نے مونٹولیوو کی جگہ البرٹو ایکویلینی کو میدان میں اتارا ، مونٹولیوو کی انجری کے بعد اطالوی حتمی اسکواڈ کا اعلان تاخیر کا شکار ہوگیا، جسے ابتدائی پروگرام کے مطابق اتوار کو ظاہر کیا جانا تھا، اطالوی کوچ نے مزید کہا کہ ہم فلورینس واپس جاکر صورتحال کا جائزہ لیں گے ، ہمیں حتمی اسکواڈ کا اعلان کرنے سے قبل دیگر تمام پلیئرز کی کنڈیشنز کا جائزہ لینا ہوگا، آئرلینڈ سے بے نتیجہ مقابلے میں اٹلی کیلیے مثبت پوائنٹ ڈیبیو کرنے والے لیفٹ بک میٹیو ڈارمین کا عمدہ کھیل رہا، اسی طرح گھٹنے کی شدید انجری سے نجات پانے کے بعد کھیل میں واپس ا?نے والے گیوسیپ روسی بھی 70 منٹ تک متحرک رہے۔

اٹلی کی ٹیم آئندہ ہفتے لگسمبرگ کا مقابلہ کرے گی، ورلڈ کپ میں ان کا ابتدائی ٹاکرا 14 جون کو انگلینڈ سے طے ہے، دیگر میچز میں روٹرڈیم پر میزبان نیدرلینڈز نے گھانا کو1-0سے قابو کرلیا، فیصلہ کن گول کھیل کے پانچویں منٹ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کیلیے بھی کھیلنے والے اسٹار اسٹرائیکر روبن وان پیرسی نے بنایا،لزبن میں پرتگال اور یونان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوگیا، سوئٹزرلینڈ کے شہر سیون میں الجیریا نے آرمینیا کو 3-1 سے مات دے دی، فاتح ٹیم کیلیے بیلکالیم ، گھالیس اور سلیمان نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، حریف ٹیم کا واحد گول سرکیسوف کے نام رہا۔

وقت اشاعت : 02/06/2014 - 14:07:53