قومی ٹیم کے سپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے سمر کیمپ جوائن کرلیا ، بابر اعظم اور رضا حسن سمیت کیمپ میں شریک دیگر بولرز کو مفید مشورے دیے

منگل 3 جون 2014 17:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جون۔2014ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سمر کیمپ جوائن کرنے کے بعد اسپنرز کی صلاحیتیں نکھارنے لگے، سابق لیگ اسپنر نے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بابر اعظم اور رضا حسن سمیت کیمپ میں شریک دیگر بولرز کو مفید مشورے دیے۔تفصیلات کے مطابق لاہورمیں جاری قومی کرکٹرزکا سمرکیمپ آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے،گذشتہ تین ہفتے کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانے کیلیے ٹریننگ کے سخت مراحل سے گزارا گیا، ہرکھلاڑی کا فٹنس پروفائل بنا کر اس پر انفرادی توجہ دیتے ہوئے اسٹیمنا بہتر بنانے پر کام ہوا۔

آخری مرحلے میں کرکٹ سرگرمیاں شروع ہوئیں، اس دوران نیٹ پریکٹس کے ساتھ فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں بھی جاری رہیں۔

(جاری ہے)

کیمپ کمانڈنٹ محمد اکرم نے آخری ہفتے میں2 ٹیمیں تشکیل دے کر 70،70 اوورز کی اننگز پر مشتمل پریکٹس میچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا تاہم سخت گرمی کے باعث پروگرام تبدیل کرکے 6جون تک فزیکل فٹنس اور پریکٹس کا ہی فیصلہ کیا گیا،پیر کو پہلے سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ کے سیشن ہوئے، شام کو این سی اے میں جم ٹریننگ اور سوئمنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری جانب حال ہی میں ہیڈ کوچ وقار یونس کے بولنگ میں معاون مقرر کیے جانے والے مشتاق احمد نے بھی کیمپ جوائن کرتے ہوئے اسپنرز کے ساتھ وقت گزارا،انھوں نے بابر اعظم اور رضا حسن سمیت کیمپ میں شریک دیگر سلو بولرز کو مفید مشورے دیے۔

وقت اشاعت : 03/06/2014 - 17:23:58