پاکستانی اسپن اٹیک کا خوف آسٹریلوی اعصاب پر سوار

جمعرات 5 جون 2014 11:56

پاکستانی اسپن اٹیک کا خوف آسٹریلوی اعصاب پر سوار

برسبین(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5جون 2014ء) آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سلو ٹریکس ہمارے منتظر ہوں گے، ان کنڈیشنز پر کھیلنے کے لئے ہمیں خصوصی طور پر خود کو تیار ہونا ہوگا۔ پاکستانی اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنے کے لئے کرکٹ آسٹریلیا نے برسبین میں بھارتی مٹی سے پچز بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے کیونکہ آسٹریلیا کا جنوبی ایشیا میں ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں رہا ہے، اسے وہاں گذشتہ 13 میں سے صرف ایک ٹیسٹ میں فتح حاصل ہوئی جب 2011 میں گال میں سری لنکا کو شکست دی تھی، گذشتہ برس آسٹریلوی ٹیم کو بھارت میں 4 ٹیسٹ کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب اس کا مقابلہ یو اے ای میں پاکستان سے ہوگا، وہاں کی اسپن کنڈیشنز اور خاص طور پر سعید اجمل کا خوف ان کے سر پر سوار ہونے لگا۔

(جاری ہے)

کپتان مائیکل کلارک نے کہاکہ ہمارا گذشتہ چند برس سے مشکل ترین چیلنج ملک سے باہر فتوحات حاصل کرنا ہے، ہم نے بھارت میں اچھا پرفارم نہیں کیا، مجھے یقین ہے کہ یو اے ای میں بھی وکٹیں ویسی ہی ہوں گی، پاکستان وہاں پر اسپن وکٹیں بنوائے گا اور ان کے اسکواڈ میں 2،3 اسپنرز شامل ہوں گے، ہمیں ان کا مقابلہ کرنے کیلیے ابھی سے تیار ہونا اور یہی ہماری ٹیسٹ ٹیم کیلیے بڑا چیلنج ہے،

واضح رہے کہ دورہ زمبابوے اور یو اے ای کے حوالے سے برسبین میں آسٹریلوی ٹیم کا خصوصی کیمپ لگایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا برسبین کے سینٹر آف ایکسی لینس میں بھارتی مٹی سے پچز تیار کرنے کا منصوبہ بنا چکا تاہم یہ اگلے سمر سیزن سے پہلے تیار ہوں گی، ان پچز کا مقصد کھلاڑیوں کو اسپن کنڈیشنز میں پریکٹس کا موقع فراہم کرنا ہے۔

وقت اشاعت : 05/06/2014 - 11:56:45