خیبر پختونخوا انٹر مدارس اور خصوصی افراد گیمزآج سے پشاورمیں شروع ہوں گی، عبدالناصر

گیمزمیں 800 کھلاڑی شرکت کرینگے باضابطہ افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کرینگے ، ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا

پیر 29 اپریل 2024 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا انٹر مدارس اور خیبر پختونخوا خصوصی افراد گیمزآج 30 اپریل سے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور شروع ہوں گی، جس کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور تمام کھلاڑی پشاور پہنچ گئے ہیں جن میں ٹی اے ڈی اے اور کھیلوں کا سامان کا تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے گیمز کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبر پختونخواعبدالناصر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری کھیل مطیع الله خان کی سربراہی میں ان گیمز کا انعقاد کیاجارہا ہے جس کیلئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سپورٹس رشیدہ غزنوی کو آرگنائزنگ سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے گیمز میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، پشاور، ایبٹ آباد اور سوات ریجنز سے مدارس کے چار سو طلباء کرکٹ، والی بال اور فٹ بال میں جبکہ چار سو خصوصی افراد بوشے، وہیل چیئر کرکٹ، سٹینڈنگ کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور باسکٹ میں حصہ لیں گے، گیمز کے لئے مجموعی طور 10 لاکھ روپے انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

، سپیشل گیمز کے لئے زوار نور، پست قامت افراد گیمز کے لئے زرداد بلبل، بلائنڈ کرکٹ کے لئے حبیب اللہ، مدارس کرکٹ کے لئے پرویز خان، فٹ بال کے لئے فیصل جاوید اور والی بال کے لئے واصف اللہ کو آرگنائزر مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ایونٹس حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کرائے جائیں گے، اسلامیہ کالج گراؤنڈ اور بورڈ گراؤنڈ میں کرکٹ کے مقابلے کرائے جائیں گے، خصوصی کھلاڑیوں میں بصارت، سماعت سے محروم اور پست قامت افراد بھی شامل ہوں گے۔

گیمز کا مقصد مدارس اور خصوصی افراد کو مثبت تفریح اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی آگے بڑھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گیمز کے انعقاد سے صوبائی اور قومی ٹیموں کے لئے بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی سامنے آئیں گے مدارس کے طلباء کو بھی معاصر تعلیمی اداروں کے طلباء اور نوجوانوں کے برابر کھیلوں کے مواقع میسر آئیں گے۔
وقت اشاعت : 29/04/2024 - 22:44:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :