پنجاب یونیورسٹی گزشتہ چالیس سالوں سے وومن سپورٹس میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے‘ ڈائریکٹر سپورٹس

پیر 7 جولائی 2014 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء ) پنجاب یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس شمسہ ہاشمی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام سے ہی پنجاب یونیورسٹی گزشتہ 35 سے 40 سالوں سے وومن سپورٹس میں اوور آل چمپئن ہے اور دیگر تمام یونیورسٹیوں کے مقابلے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے لہذا ادویات کے استعمال جیسے اوچھے ہتھکنڈوں کا کوئی جواز ہی پیدا نہیں ہوتا۔

وہ پنجاب یونیورسٹی کے خواتین اور مرد کھلاڑیوں کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کو بے بنیاد درخواست دینے والی پانچ طالبات کے پیچھے مخصوص لابی ہے اور یونیورسٹی لاء کالج کی ایک خاتون لیکچرار جس کے خلاف انکوائری چل رہی ہے نے لڑکیوں کو اکسیا یا ہے انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی کی بحثیت مجموعی رینکنگ بہتر ہو رہی ہے جسے متنازعہ بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی کسی بھی کھلاڑی کو ادویات نہیں کھلائی جا رہیں اور نہ ہی کوئی کھلاڑی کسی ہسپتال میں داخل ہوئی یہ سب بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایجنسی سے تحقیقات کرا لی جائیں پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دن بدن پنجاب یونیورسٹی کا کھیلوں میں گراف بہتر ہو رہا ہے جو کہ مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں رینکنگ کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی جانب سے سپورٹس کے طلباء و طالبات کو نہ صرف مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے بلکہ رہائش اور کھانا بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ سپورٹس کے طلباء و طالبات کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ، فری میڈیکل ،سکالرشپس اور ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے اور مایہ ناز کوچز سے ان کی سارا سال ٹریننگ کرائی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے طلباء و طالبات کو فروٹ جوسز، مربہ جات ،سردائی ،مربے ،صحت مند گوشت اور پھل دئیے باقاعدہ دئیے جاتے ہیں ۔

وقت اشاعت : 07/07/2014 - 20:11:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :