بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی20 کرکٹ میچ کل کھیلا جائیگا

میزبان ٹیم کو کیوی ٹیم کے خلاف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ، رپورٹ

جمعرات 2 ستمبر 2021 13:06

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی20 کرکٹ میچ کل کھیلا جائیگا
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2021ء) بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کل جمعہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ،ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا۔ میزبان ٹیم کو کیوی ٹیم کے خلاف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا میچ آج جمعہ کو کھیلا جائے گا، پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 5 ستمبر، چوتھا 8 ستمبر جبکہ پانچواں اور آخری میچ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

تمام میچز شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ یہ سیریز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے ۔ ٹی20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سی14 نومبر تک یو اے ای اور عمان میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ کیویز پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگال ٹائیگرز کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کھاگئے۔

(جاری ہے)

شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا یہ فیصلہ نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی تاریخ کا دوسرا بدترین فیصلہ بن گیا جہاں کیویز 60 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئے۔ یہ نیوزی لینڈ کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دوسری مرتبہ سب سے کم ترین اسکور ہے۔ بنگلہ دیش کے سامنے نیوزی لینڈ کے صرف ٹام لیتھم اور ہنیرے نکولس ہی 18، 18 رنز بنا کر نمایاں انداز میں مزاحمت کر پائے۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے 3 وکٹیں لیں جبکہ شکیب الحسن، نسوم احمد اور محمد سیف الدین کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔

61 رنز کے اس چھوٹے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی جہاں سات رنز پر ہی یہ 2 وکٹوں سے محروم ہوگئی تاہم ایسے میں شکیب الحسن نے 25 رنز بناکر ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا اور مین آف دی میچ کے حق دار قرار پائے۔ بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر یہ میچ 15ویں اوور میں جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
وقت اشاعت : 02/09/2021 - 13:06:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :