بھارت کے پاس پیسہ اور سپانسر دونوں تگڑے ہیں :سعید اجمل

جسپریت بمراہ، ہربھجن سنگھ کیساتھ بھی مسئلہ تھا لیکن چونکہ دونوں بھارتی کرکٹر ہیں اسلئے ان کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا: سابق آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 اکتوبر 2021 16:26

بھارت کے پاس پیسہ اور سپانسر دونوں تگڑے ہیں :سعید اجمل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اکتوبر 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس پیسہ اور تگڑے سپانسرز ہیں جس کی وجہ سے ان کا کرکٹ بورڈ بہت مضبوط ہے۔ 43 سالہ سابق آف سپنر سعید اجمل ایک نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئے جس میں انھوں نے اپنی مشہور ڈیلیوری ’دوسرا‘ سے متعلق گفتگو کی ۔ سعید اجمل کا اپنے اوپر لگائی گئی پابندی سے متعلق کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہر چیز میں سائنس کو ڈال دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگانے سے قبل انھوں نے بھارتی سپنر روی چندرن ایشون کو 6 ماہ کے لیے بولنگ سے روک دیا، ایشون کو کہا گیا کہ آپ 6 ماہ آرام کرو ،اس کے بعد ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے سے روک دیا گیا اور اس کے بعد مجھے اور حفیظ کو ورلڈ کپ 2015ء سے پہلے سائیڈ لائن کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور سابق آف سپنر ہربھجن سنگھ کے ساتھ بھی مسئلہ تھا لیکن چونکہ وہ دونوں بھارتی کرکٹر ہیں اور ان کے کرکٹ بورڈ کے پاس پیسہ اور سپانسر دونوں تگڑے ہیں، اور پیسہ سر چڑھ کر بولتا ہے اس لیے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔

                                                                                                                        
وقت اشاعت : 11/10/2021 - 16:26:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :