پاکستان 40 سال میں پہلی بار ایشین سکواش چیمپئن شپ میں کوئی بھی تمغہ جیتنے میں ناکام

پہلی بار ٹاپ 4 سے بھی باہر،جاپان اور بھارت کیخلاف شکست کے بعد گرین شرٹس اب 5ویں سے 8ویں پوزیشن کیلئے ایران کا مقابلہ کرینگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 دسمبر 2021 17:27

پاکستان 40 سال میں پہلی بار ایشین سکواش چیمپئن شپ میں کوئی بھی تمغہ جیتنے میں ناکام
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2021ء ) پاکستان چند دہائیاں قبل تک عالمی سطح پر سکواش کا سب سے بڑا نام تھا ، اگرچہ اس نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران اپنا عالمی تسلط کھو دیا لیکن یہ ملک ایشیا میں ایک ایسی طاقت کے طور پر شمار ہوتا رہا جس نے اس مرحلے پر بھی کئی چیمپئن شپس جیتیں۔ تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ اس سطح پر بھی پاکستان کے شاندار دن ختم ہو چکے ہیں کیونکہ پاکستان پہلی بار ایشین ٹیم سکواش چیمپئن شپ میں ایک بھی تمغہ جیتنے میں ناکام رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں جاری ٹورنامنٹ کے آخری پول میچ میں جاپان نے پاکستان کو 2-1 سے شکست دے کر میڈل حاصل کرنے کی تمام امیدیں ختم کر دیں۔ پاکستان کے ناصر اقبال نے جاپان کے ٹوموٹاکا اینڈو کو شکست دی جبکہ جاپان کے ریوسی کوبایاشی اور ریونوسوکے ٹسوکوئے نے دیگر دو میچوں میں بالترتیب پاکستان کے طیب اسلم اور عماد فرید کو شکست دی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں بھی 2-1 سے شکست ہوئی تھی۔ بھارت کے سورو گھوسل اور رامیت ٹنڈن نے پاکستان کے طیب اسلم اور محمد عاصم کو شکست دی جبکہ بھارت کے مہیش مانگاونکر پاکستان کے ناصر اقبال سے ہار گئے۔ بھارت اور جاپان دونوں نے 20ویں ایشین ٹیم سکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں بھی اپنی جگہیں بک کر لی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پچھلے 19 ایڈیشنز میں پاکستان نے 15 گولڈ، 3 سلور اور 1 برانز میڈل جیتا جو کہ ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کی بالادستی کے میعار کو ظاہر کرتا ہے۔

اس بار پاکستان صرف عراق، فلپائن اور انڈونیشیا جیسی کمزور ٹیموں کیخلاف ہی کامیابی حاصل کرسکا جو فائنل 4 تک پہنچنے کے لیے کافی نہیں تھا۔ پاکستان اب 5ویں سے 8ویں پوزیشن کے لیے ایران کا مقابلہ کرے گا۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پاکستان ایشین ٹیم سکواش چیمپئن شپ کی تاریخ میں کبھی بھی ٹاپ 4 سے نیچے نہیں آیا تھا ۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان کبھی جاپان کو سکواش سکھاتا تھا تاہم اب ملک میں سکواش کی حالت اتنی ابتر ہے کہ جاپان پاکستان کو شکست دے رہا ہے، جہانگیر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان سکواش فیڈریشن (PSF) کی موجودہ انتظامیہ ملک میں سکواش کے کھیل کو بہتر کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔

وقت اشاعت : 03/12/2021 - 17:27:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :