چینی ٹینس اسٹار کی حمایت والی شرٹس پر پابندی پر ٹینس آسٹریلیا کو تنقیدکا سامنا

آسٹریلیا میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں سکیورٹی عملے نے اسٹیڈیم میں آنے والے شائقین کو ایسی ٹی شرٹس اتارنے کو کہا تھا جن پر پینگ شوئی کہاں ہی لکھا ہوا تھا، رپورٹ

منگل 25 جنوری 2022 14:36

چینی ٹینس اسٹار کی حمایت والی شرٹس پر پابندی پر ٹینس آسٹریلیا کو تنقیدکا سامنا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2022ء) امریکہ کی سابق ٹینس اسٹار مارٹینا نیوراتیلووا نے آسٹریلین اوپن کی انتظامیہ کی جانب سے چینی ٹینس اسٹار پینگ شوئی کی حمایت کرنے والے نعروں پر مبنی ٹی شرٹس پہننے پر پابندی عائدکرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں سکیورٹی عملے نے اسٹیڈیم میں آنے والے شائقین کو ایسی ٹی شرٹس اتارنے کو کہا تھا جن پر پینگ شوئی کہاں ہی لکھا ہوا تھا۔

سابق ٹینس اسٹار مارٹینا نیوراتیلووا نے ٹوئٹر پر آسٹریلین اوپن کی انتظامیہ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ ویمن ٹینس ایسوسی ایشن اس معاملے پر تنہا کھڑی ہے۔فرانسیسی ٹینس اسٹار نکولس مہوت نے بھی آسٹریلین اوپن کی انتظامیہ پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ وہ بڑے چینی اسپانسرز کے دباؤ کے سامنے جھک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہیومن رائٹس واچ آسٹریلیا کی رکن سوفی مکنیل نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے آسٹریلین اوپن میں شریک دیگر ٹینس کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ پینگ شوئی کے معاملے پر آواز اٹھائیں۔

دوسری جانب ٹینس آسٹریلیا نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پینگ شوئی کی حفاظت ان کیلئے اہم ہے تاہم اسٹیڈیم میں داخلے کی شرائط کے تحت ہم ایسے لباس، بینرز یا نشانات کی اجازت نہیں دیتے جو سیاسی یا تجارتی ہوں۔خیال رہے کہ چینی ٹینس اسٹار پینگ شوئی نے گذشتہ سال نومبر میں چین کے سابق نائب وزیراعظم پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سے وہ منظر عام سے غائب ہوگئی تھیں،پینگ شوئی کے غائب ہونے کے بعد امریکا سمیت ویمن ٹینس کی عالمی تنظیم نے مطالبہ کیا تھا کہ پینگ شوئی کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور ان کے خیریت سے ہونے کے شواہد سامنے لائے جائیں، بعد ازاں نومبر میں ہی پینگ شوئی نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر سی30 منٹ تک ویڈیو کال پر گفتگو کی تھی اور انہیں بتایا تھا کہ وہ بیجنگ میں اپنے گھرپرمحفوظ ہیں اور فی الحال ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں چاہتیں۔

اس گفتگو کے بعد خواتین کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم ویمن ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلو ٹی ای) نے پینگ شوئی کی ویڈیو کال کو ان کی حفاظت سے متعلق ناکافی ثبوت قرار دیا اور پینگ شوئی پرمبینہ پابندیوں کے تناظر میں چین اور ہانگ کانگ میں تمام ٹورنامنٹس فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا۔ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کے سخت ردعمل کے بعد پینگ شوئی نے دسمبر میں ذرائع ابلاغ کے لیے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں خود پر جنسی حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ کسی نے مجھ پر جنسی حملہ کیا تھا تاہم اس ویڈیو بیان کے بعد بھی ان کے حوالے سے شکوک و شبہات ختم نہیں ہوسکے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/01/2022 - 14:36:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :