مصباح سے اختلافات، باسط علی سوئی ناردرن ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی

جمعہ 26 ستمبر 2014 14:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء)سابق ٹیسٹ بیٹسمین اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے کپتان مصباح الحق سے اختلافات کی وجہ سے سوئی ناردرن گیس کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے باسط علی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سے بعض معاملات پر ناراض ہیں ا س لئے انہوں نے قومی فرسٹ کلاس سیزن شروع ہونے سے قبل اپنی ذمے داریوں کو خیر باد کہہ دیا۔

(جاری ہے)

ماضی میں مصباح کے قریب سمجھے جانے والے باسط کا شمار ڈومیسٹک کرکٹ کے کامیاب کوچز میں ہوتا ہے۔دونوں کی شراکت میں سوئی ناردرن گیس گذشتہ تین سال سے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ جیت رہی ہے۔گذشتہ سال اس ادارے نے ون ڈے ٹورنامنٹ بھی جیتا تھا۔اس بارے میں جب باسط علی سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے خبر کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا۔مصباح الحق ان دنوں کراچی میں ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں فیصل آباد کی کپتانی کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں باسط علی سے ان کا رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

وقت اشاعت : 26/09/2014 - 14:31:22