حفیظ اور جنید آسٹریلیا کیخلاف مکمل سیریز سے باہر

جمعرات 9 اکتوبر 2014 16:28

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء ) پاکستانی آل راوٴنڈر محمد حفیظ اور فاسٹ باوٴلر جنید خان آسٹریلیا کے خلاف مکمل سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے مطابق ہاتھ کی انجری کے باعث محدود اوورز کی کرکٹ سے باہر ہونے والے حفیظ انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔متحدہ عرب امارات میں پریکٹس میچ کے دوران حفیظ کے بائیں ہاتھ پر چوٹ آئی تھی اور چھ ٹانکے آئے تھے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں کم از کم چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

پی سی بی کے آفیشل نے بتایا کہ یہ انجری ابتدائی تشخیص سے زیادہ سنگین نوعیت کی ہے اور اسے ٹھیک ہونے کے لیے کچھ وقت درکار ہے، لہٰذا وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکیں گے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

(جاری ہے)

حفیظ کے ساتھ ساتھ پاکستان کو دوسرا جھٹکا فاسٹ جنید خان کی انجری کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد سیریز سے باہر ہوئے۔

جنید پریکٹس کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے اور وہ بھی متحدہ عرب امارات سے وطن واپس لوٹ آئینگے ۔پی سی بی کے مطابق جنید خان کی جگہ سہیل تنویر متحدہ عرب امارات میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دینے کے بعد تین میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی شکست سے دوچار کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

وقت اشاعت : 09/10/2014 - 16:28:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :