نیوزی لینڈ کی خاتون کرکٹرکیٹی مارٹن کا تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بدھ 18 مئی 2022 10:10

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز کیٹی مارٹن نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ کوخیر باد کہہ دیا۔ 37 سالہ کیٹی مارٹن نے بدھ کو تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ کیٹی مارٹن کا تینوں فارمیٹ کا کرکٹ کیریئر 21 سال پر محیط تھا۔ کیٹی مارٹن نے 7نومبر 2003میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ، انہوں نے صرف ایک ٹیسٹ میچ ہی کھیلا جس کے بعد 4 دسمبر 2003 میں انہوں نے ایک روزہ کرکٹ کا آغاز کیا جبکہ ٹی 20 کیریئر کا آغاز انہوں نے 6مارچ 2008 میں کیا۔

کیٹی مارٹن کو ایک ٹیسٹ، 103ایک روزہ اور 95ٹی 20میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔کیٹی مارٹن نے 103ون ڈے میچز میں 1793 اور 95ٹی 20 میچز میں انفرادی طور پر 996 رنز بنا کر اپنے کرکٹ کیریئر کا اختتام کیا۔

(جاری ہے)

کیٹی مارٹن نے کہا کہ میرا 21 سال پر محیط کرکٹ کیریئر ایک ناقابل یقین تجربہ تھا اور اس دوران میں اپنے تمام ساتھیوں، کوچز، اپوزیشن، مداحوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ میں نیوزی لینڈ کرکٹ، نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز ایسوسی ایشن اور اوٹاگو کرکٹ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے پورے کیریئر میں تعاون کیا۔ کیٹی نے بحیثیت وکٹ کیپر 50 اوور کے فارمیٹ میں 63 کیچز اور 19 سٹمپس جبکہ ٹی 20 فارمیٹ کی کرکٹ میں 33 کیچز اور 24 سٹمپس کئے ۔
وقت اشاعت : 18/05/2022 - 10:10:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :