ٹیسٹ رینکنگ ، یونس ، شہزاد، سرفراز اور اسد شفیق کی ترقی ، مصباح اور حفیظ کی تنزلی

پیر 27 اکتوبر 2014 14:33

ٹیسٹ رینکنگ ، یونس ، شہزاد، سرفراز اور اسد شفیق کی ترقی ، مصباح اور حفیظ کی تنزلی

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اکتوبر 2014ء) آئی سی سی نے تازہ ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ۔ بلے بازوں میں یونس خان ، احمد شہزاد ، سرفراز احمد ، اسد شفیق کی رینکنگ میں بہتری آگئی جبکہ قومی کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ تنزلی کا شکار ہوگئے ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پلیئرز ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کے خلاف دونوں اننگز میں شاندار سنچری سکور کرنے والے بلے باز یونس خان 4 درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں ۔

اسد شفیق 3 درجہ بہتری کے بعد 21 ویں جبکہ سرفراز احمد 12 درجہ کامیابی کے بعد 38 ویں نمبر پر موجود ہیں ۔ احمد شہزاد بھی بیٹنگ رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب رہے ، وہ اس فہرست میں 52 نمبر پر ہیں ۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے ، مصباح الحق 10 ویں سے 11 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

بلے بازوں میں سری لنکا کے کمار سنگا کارا کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے ۔

باؤلرز رینکنگ میں ذوالفقار بابر 46 درجہ ترقی کرکے 51 ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔ کینگروز کو پویلین کی راہ دکھانے والے نوجوان باؤلر یاسر شاہ کا 62 واں نمبر ہے ۔ سینئر باؤلر محمد حفیظ 3 درجہ تنزلی کا شکار ہو کر 56 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔ جبکہ اس لسٹ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین سرفہرست ہیں ۔ آل رائونڈر کیٹگری میں روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے ۔ اس کیٹگری میں پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکے ۔ ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجہ بہتری کے بعد قومی ٹیم چھٹی سے چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے ۔ آسٹریلیا کی دوسری پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے ، بھارت ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔

وقت اشاعت : 27/10/2014 - 14:33:38