نیوزی لینڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا

کین ولیمسن ٹیم کی قیادت کریں گے، وہ چوتھے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 اپریل 2024 11:12

نیوزی لینڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا
ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اپریل 2024ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ کین ولیمسن ٹیم کی قیادت کریں گے وہ چوتھے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ایڈم ملن ٹخنے کی سرجری کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں اور کائل جیمیسن کمر کی انجری کے ری ہیب کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں فن ایلن، ٹرینٹ بولٹ، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کانوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ڈیرل مچل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جیمی نیشم، گلین فلپس، راچن رویندرا، مائیکل سینٹنر، ٹم ساؤتھی اور ایش سوڈھی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں بین سیئرز کو ٹریولنگ ریزرو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم 23 مئی کو ٹورنامنٹ کے لیے روانہ ہوگی۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 2 جون کو شریک میزبان امریکہ اور ہمسایہ ملک کینیڈا سے ہوگا جبکہ ساتھی میزبان ویسٹ انڈیز گروپ پلے کے دوسرے دن گیانا میں پاپوا نیو گنی سے کھیلے گی۔ ICC مینز T20 ورلڈ کپ 2024ء کے لیے امریکا میں کل تین اور کیریبین میں چھ مقامات استعمال کیے جائیں گے کیونکہ 5 جنوری کو 9ویں ایڈیشن کے لیے گروپس اور فکسچر کی تصدیق ہو گئی تھی۔ 20 ٹیموں میں سے 10 ٹیمیں 29 روزہ ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ امریکہ میں کھیلیں گی جس میں 16 مقابلوں کا انعقاد لاڈرہل، ڈیلاس اور نیویارک میں کیا جائے گا اور بھارت اور پاکستان کے درمیان بلاک بسٹر ٹاکرا 9 جون کو لانگ آئی لینڈ کے نئے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
وقت اشاعت : 29/04/2024 - 11:12:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :