ویمن ہاکی ٹیم نے بھارت میں کھیلے جانے والے ہاکی ٹورنامنٹ میں شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

جمعہ 7 نومبر 2014 20:47

ویمن ہاکی ٹیم نے بھارت میں کھیلے جانے والے ہاکی ٹورنامنٹ میں شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء ) ریسٹ آف پاکستا ن ویمن ہاکی ٹیم نے بھارت میں کھیلے جانے والے ہاکی ٹورنامنٹ میں شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو ایونٹ کے تیسرے اور آخری لیگ میچ میں ہریانہ ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے پانچ صفر سے بچھاڑ دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمن ونگ کی اجازت کے بغیر بننے والی ریسٹ آف پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کو پی ایچ ایف میں موجود اولمپئنز کا آشیر باد حاصل ہے جو بھارت میں اپنے تعلقات بنانے کیلئے چیمپئنز ٹرافی جیسے اہم ایونٹ کی تیاریوں میں شریک مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی ٹیم کو بھی ساتھ لے گئے۔

خواتین ٹیم کی تیاری کیلئے جوہر ٹاؤن ہاکی سٹیڈیم میں ایک ماہ کا تربیتی کیمپ بھی لگایا گیا جہاں اولمپئن طارق شیخ اور پاکستان واپڈا کے کوچ سہیل اشرف نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرائی لیکن ا س کے باوجود کھلاڑی مقامی ٹیموں کے خلاف بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

پنجاب ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کی صدر عابدہ تنویر نے پی ایچ ایف ویمن ونگ سے این اوسی کے بغیر بھارت جانے والی کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاہم چیئرپرسن خوش بخت شجاعت اور سیکرٹری تنزیلہ عامر نے اس اہم معاملے پر چپ سادھ رکھی ہے جس سے خواتین ہاکی میں گروہ بندی کو فروغ مل رہا ہے۔

اعلی عہدیداروں کی خاموشی سے انتخابات میں ان کا ساتھ دینے والی ہاکی آرگنائزر بھی مایوسی کا شکار ہیں جبکہ چیئرپرسن خوش بخت شجاعت اور سیکرٹری تنزیلہ عامر اپنا اقتدار بچانے کیلئے خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔ ریسٹ آف پاکستان ویمن ٹیم کے خلاف ایونٹ کے تین میچوں میں مجموعی طور پر سولہ گول سکور ہوئے جبکہ قومی ٹیم ایک بار بھی گیند کو جال کی راہ نہ دکھاسکی۔ریسٹ آف پاکستان ویمن ہاکی ٹیم کی زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان واپڈا سے ہے جس میں سندھ ، بلوچستان اور سرحد سے بھی کھلاڑیوں کو نمائندگی نہیں دی گئی۔

وقت اشاعت : 07/11/2014 - 20:47:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :