میرے ذہن میں کبھی پاکستان کیلئے کھیلنے کا خیال نہیں آیا: سکندر رضا

زمبابوے میں کرکٹ کو آگے بڑھانے کا موقع ملا لیکن ابتدا میں میرا مقصد فائٹر پائلٹ بننا تھا: کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 6 اگست 2022 14:13

میرے ذہن میں کبھی پاکستان کیلئے کھیلنے کا خیال نہیں آیا: سکندر رضا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اگست 2022ء ) پاکستان میں پیدا ہونے والے زمبابوے کے کرکٹ سٹار سکندر رضا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا مقصد کبھی کرکٹر بننا نہیں تھا اور ان کے ذہن میں کبھی پاکستان کے لیے کھیلنے کا خیال نہیں آیا۔ ’کرکٹ پاکستان‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے 36 سالہ سکندر رضا نے کہا کہ انہیں زمبابوے میں کرکٹ کو آگے بڑھانے کا موقع ملا لیکن ان کا مقصد شروع میں فائٹر پائلٹ بننا تھا۔

سکندر رضا کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستان میں رہتا تھا تب میں نے کبھی یہ سوچا نہیں تھا تو جب میں ان کے خلاف کھیل رہا ہوں تو یہ سوچ کیسے میرے دماغ میں آسکتی ہے؟، میں یہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میں نے کبھی کرکٹر بننے کے لیے پاکستان نہیں چھوڑا، میرا مقصد فائٹر پائلٹ بننا تھا لیکن میں نہیں بن سکا۔

(جاری ہے)

میں نے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی اور اس وقت تک میرا خاندان زمبابوے چلا گیا۔

میں ماسٹرز کرنے کا ارادہ کر رہا تھا لیکن آخر کار مجھے زمبابوے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا اور سفر شروع ہو گیا۔ سکندر رضا نے مزید کہا کہ جو پاکستانی کھلاڑی شروع سے میرے دوست تھے وہ اب بھی ہیں لیکن شعیب ملک باقاعدگی سے رابطے میں رہتے ہیں، ہم بہت بات کرتے ہیں اور میں ان سے سوال پوچھتا ہوں۔ انہوں نے پاکستانی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی ایسا ہو گا جو بابر اعظم سے محبت نہ کرتا ہو۔ صرف بابر ہی نہیں، میں رضی [رضوان] بھائی سے بھی پیار کرتا ہوں اور وہ کھیلتے ہوئے شاندار نظر آتے ہیں۔
وقت اشاعت : 06/08/2022 - 14:13:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :