احمدشہزاد”ہٹ وکٹ“ہونیوالے پاکستان کے گیارہویں بیٹسمین بن گئے

پیر 10 نومبر 2014 20:05

احمدشہزاد”ہٹ وکٹ“ہونیوالے پاکستان کے گیارہویں بیٹسمین بن گئے

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء) احمدشہزاد”ہٹ وکٹ“ہونیوالے پاکستان کے گیارہویں بیٹسمین بن گئے۔ابوظہبی میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز احمد شہزاد 176 رنز پر کھیل رہے تھے کہ کوری اینڈرسن کا 135 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے آنے والا باوٴنسر ان کی جانب بڑھا۔ احمد اس گیند کی بلندی کا ٹھیک اندازہ نہ کرسکے اور ہٹ کھیلنے کے لیے گئے، گیند بلے کے اوپر سے ہوتی ہوئی، ان کے دائیں کان کے قریب بہت شدت کے ساتھ ہیلمٹ پر لگی۔

یہ ضرب اتنی شدید تھی کہ بلّا احمد شہزاد کے ہاتھوں سے نکل گیا اور وہ دائیں جانب گر پڑے اور بیٹ سیدھا وکٹوں پر جا لگا۔احمد شہزاد پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے گیارہویں کھلاڑی بنے جو ہٹ وکٹ آوٴٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر محمد پاکستان کے پہلے بیٹسمین تھے جو فروری 1955ء میں بھارت کے خلاف پشاور ٹیسٹ میں ہٹ وکٹ ہوئے تھے۔ ان کے بعد حنیف محمد اور امتیاز احمد جیسے عظیم بیٹسمین بھی اس ہزیمت سے دوچار ہوئے۔

'لٹل ماسٹر' اکتوبر 1955ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں جبکہ امتیاز جنوری 1962ء میں انگلینڈ کے خلاف ڈھاکہ کے مقام پر اس انوکھے انداز میں آوٴٹ ہوئے۔احمد شہزاد 11 بیٹسمینوں میں سب سے طویل اننگز کھیلنے کے بعد ہٹ وکٹ آوٴٹ ہونے والے بلے باز ہیں۔ ان سے قبل عامر سہیل دسمبر 1995ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں 88 رنز بنانے کے بعد ہٹ وکٹ ہوئے تھے۔

انضمام الحق اگست 2006ء میں انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انضمام اس بری طرح ہٹ وکٹ ہوئے کہ شاید ہی کبھی کوئی مستند بیٹسمین ہوا ہو۔ حریف اسپنر مونٹی پنیسر کی ایک گیند کو سویپ کرنے کی ناکام کوشش کے بعد انضمام اس بری طرح اپنا توازن کھو بیٹھے کہ صد کوشش کے باوجود خود کو وکٹوں پر گرنے سے نہ بچا سکے۔احمد شہزاد انضمام کے اس انوکھے ہٹ وکٹ کے بعد آٹھ سالوں میں اس طرح آوٴٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔پاکستان کی جانب سے وزیرمحمد،حنیف محمد،امتیازاحمد،جاویدبرکی،عبدالقادر،قاسم عمر،عامرسہیل،اعجازاحمد،عمرگل،انضمام الحق اوراحمدشہزادشامل ہیں۔

وقت اشاعت : 10/11/2014 - 20:05:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :