نوجوانی میں پاک فضائیہ کی تربیت نے کبھی ہار نہ ماننے کا جذبہ پیدا کیا : سکندر رضا

فائٹر پائلٹ نہ بن سکا لیکن بطور شہری ہمیشہ فائٹر رہوںگا، مجھے بال لگتی ہے، چوٹ لگتی ہے، انگلیاں ٹوٹ جاتی ہیں لیکن کوئی پرواہ نہیں، ذہنی ، جسمانی طور پر تربیت کا اب فائدہ ہو رہا ہے: زمبابوین بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اگست 2022 16:48

نوجوانی میں پاک فضائیہ کی تربیت نے کبھی ہار نہ ماننے کا جذبہ پیدا کیا : سکندر رضا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اگست 2022ء ) زمبابوے کے بلے باز سکندر رضا نے اپنی ذہنیت کو تشکیل دینے اور کبھی ہار نہ ماننے کا جذبہ پیدا ہونے کا سہرا پاکستان ائیر فورس کالج میں ساڑھے تین سال گزارنے کے سر باندھا۔ سکندر رضا نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ون ڈے کے بعد دوسرے میچ میں بھی ناقابل شکست 117 رنز بنائے ۔ پاکستانی نژاد بلے باز نے 127 گیندوں پر چار چھکے اور آٹھ چوکے لگائے اور کپتان ریگس چکابوا کے ساتھ ان کی 201 رنز کی پانچویں وکٹ کی شراکت نے ہرارے میں بنگلہ دیش کی جانب سے 290 رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔

اس سے قبل پہلے ون ڈے میں سکندر رضا 135 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور زمبابوے نے بنگلہ دیش کو شکست دی۔ سکندر رضا نے پہلے ون ڈے کے بعد کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر اچھا کرنے اور میچز جیتنے کا دباؤ ہے، میں جھوٹ نہیں بولوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یقیناً، اس سے مدد ملتی ہے کہ میں ایئر فورس کے پس منظر سے ہوں ،ہم ہمت نہیں ہارتے، مجھے بال لگتی ہے، مجھے چوٹ لگتی ہے، انگلیاں ٹوٹ جاتی ہیں، لیکن مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے، میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ پی اے ایف کالج میں ساڑھے 3 سال گزارنے کے باعث مجھے ان مشکلات سے نکلنے میں کافی مدد ملتی ہے۔

سکندر رضا نے کہا کہ میں اپنے اندر ہمیشہ ایک فائٹر رہوں گا ،میں فائٹر پائلٹ نہیں بن سکا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ایک شخص کے طور پر میں ہمیشہ فائٹر رہوں گا، ذہنی اور جسمانی طور پر تربیت کا اب فائدہ ہو رہا ہے۔
وقت اشاعت : 15/08/2022 - 16:48:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :