دبئی ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل ختم، کیویز بلے باز ’نڈھال‘ ہو گئے، 167 رنز پر 6 کھلاڑی آﺅٹ

جمعرات 20 نومبر 2014 18:50

دبئی ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل ختم، کیویز بلے باز ’نڈھال‘ ہو گئے، 167 رنز پر 6 کھلاڑی آﺅٹ

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر۔2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی باﺅلرز نے نیوزی لینڈ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور 167 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ہیں ، چوتھے روز کے اختتام تک نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 177 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ روز ٹیلر 77 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 403 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 393 رنز بنا سکی اور یوں نیوزی لینڈ کو 10 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تاہم دوسری اننگز میں کیویز بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور ابتدائی 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ باﺅلرز کی کارکردگی کے باعث پاکستان کیلئے میچ جیتنے کی امید بھی روشن ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کیویز ٹیم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر بلے بازوں نے پراعتماد طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر ٹام لیتھم 9 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔ 63 کے مجموعی سکور پر دوسری وکٹ گری جب ولیم سن11 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر توفیق عمر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ مجموعی سکور میں 15 رنز کے اضافے کے بعد نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ بھی گر گئی اور برینڈن میکولم 45 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

79 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے اینڈرسن کو شکار کیا اور وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 125 کے مجموعی سکور پر گری جب نیشام 11 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان 166 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب واٹلنگ 11 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔

وقت اشاعت : 20/11/2014 - 18:50:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :