شارجہ ٹیسٹ: برینڈن میکالم کا ’دمادم مست قلندر، شاہین ’پرواز‘ بھول گئے، نیوزی لینڈ کے ایک وکٹ پر 249 رنز

جمعہ 28 نومبر 2014 18:27

شارجہ ٹیسٹ: برینڈن میکالم کا ’دمادم مست قلندر، شاہین ’پرواز‘ بھول گئے، نیوزی لینڈ کے ایک وکٹ پر 249 رنز

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر۔2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کیویز نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 249 رنز بنا لئے ہیں۔ برینڈن میکالم 153 رنز اور ولیم سن 75 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 351 رنز بنائے۔

محمد حفیظ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 197 رنز بنائے تاہم وہ کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔ حفیظ کے بعد کوئی بھی بلے باز کیویز باﺅلرز کے سامنے ڈٹنے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم 351 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔پاکستان کے 351 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو برینڈن میکالم نے پاکستانی باﺅلرز کی خوب دھنائی کی۔

(جاری ہے)

پاکستان کو پہلی کامیابی 51 کے مجموعی سکور پر ملی جب ٹام لیتھم13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ برینڈن میکالم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی باﺅلرز کی لائن اینڈ لینتھ ہی بدل ڈالی اور 8 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنا کر مجموعی سکور کو 249 رنز پر پہنچا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ میکالم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز ترین ٹیسٹ سنچری بنانے والے بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

ولیم سن نے بھی میکالم کا خوب ساتھ دیااور75 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 198 رنز جوڑ کر پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی جانب سے کسی بھی وکٹ میں سب سے زیادہ رنز کی پارٹنر شپ قائم کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے راحت علی نے واحد وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 28/11/2014 - 18:27:38