جنسی زیادتی کا الزام، عدالت نے گرفتار سری لنکن کرکٹر کی ضمانت منظور کرلی

آسٹریلین عدالت نے درخواستِ ضمانت کی منظوری کیلئے سخت شرائط رکھ دیں ، سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی عائد، دنوشکا گوناتھیلا کا آسٹریلیا سے باہر نہ جائیں، تحقیقات میں تعاون کریں: عدالت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 نومبر 2022 13:16

جنسی زیادتی کا الزام، عدالت نے گرفتار سری لنکن کرکٹر کی ضمانت منظور کرلی
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 نومبر 2022ء ) آسٹریلیا کی عدالت نے جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار سری لنکن کرکٹر دنوشکا گوناتھیلاکا کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سڈنی کی عدالت نے کرکٹر دنوشکا گوناتھیلاکا کی ضمانت کیلئے دی گئی درخواست منظور کر لی، آج ہی کرکٹر کو رہا کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ پولیس نے دنوشکا کو 6 نومبر کو گرفتار کیا تھا۔

رواں ماہ کے آغاز سے زیرِ حراست سری لنکن کرکٹر کو 11 روز تک جیل میں رہنا پڑا۔ آسٹریلین عدالت نے درخواستِ ضمانت کی منظوری کیلئے سخت شرائط رکھ دیں جن میں سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی عائد کردی گئی۔ آسٹریلین عدالت نے سری لنکن کرکٹر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دنوشکا گوناتھیلاکا آسٹریلیا سے باہر نہ جائیں، اور تحقیقات میں تعاون کریں۔

(جاری ہے)

ایک خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ سری لنکن کرکٹر نے ان سے کئی بار زیادتی کی۔ خیال رہے کہ کرکٹر دنوشکا گوناتھیلاکا پر جنسی زیادتی کا الزام اس وقت سامنے آیا جب سری لنکا کو بد ترین معاشی بحران کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب ان کی ٹیم آسٹریلیا میں بین الاقوامی ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے پہنچی تھی۔ وطن واپسی کیلئے روانگی کی تیاریوں کے دوران سری لنکن کرکٹر دنوشکا تھیلاکا گرفتار ہوئے۔ آسٹریلین پولیس نے دنوشکا تھیلاکو کو سسیکس اسٹریٹ سے گرفتار کرکے عدالت میں مقدمے کی سماعت کیلئے پیش کیا تھا۔
وقت اشاعت : 17/11/2022 - 13:16:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :