محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز نے پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو سالانہ گرانٹ کے ضمن میں 3کروڑ 8لاکھ روپے کی گرانٹ دیدی

سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس احسان بھٹہ اور ڈی جی سپورٹس طارق قریشی نے مزید12سپورٹس ایسوسی ایشنز کو72لاکھ روپے دیئے

بدھ 30 نومبر 2022 22:05

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2022ء) محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب نے پنجاب حکومت کے ایماء پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو 3کروڑ 8لاکھ روپے کی گرانٹ دیدی ہے،بدھ کے روز سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے پنجاب کی مزید12 سپورٹس ایسوسی ایشنز کو سالانہ گرانٹ کے ضمن میں مزید72لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے، اس حوالے سے پروقار تقریب پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہوئی، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس ملک ثناء اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ اور سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہداران بھی موجود تھے، پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو مالی سال 2021-22 میں گرانٹ دینے کی منظوری سپورٹس بورڈ پنجاب کے بورڈ نے دی ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ایماء پر سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹ دی گئی ہے، اب سپورٹس ہوتی نظر آنی چاہئے،یہ پیسہ قوم کی امانت ہے اور اسے کھلاڑیوں پر ہی خرچ ہونا چاہئے، سپورٹس ایسوسی ایشنز کا گرانٹ دینے کا مطالبہ طویل عرصہ سے تھا جسے پورا کردیا گیا ہے، اب سپورٹس ایسوسی ایشنز کھلاڑی تیار کرکے اپنی کارکردگی دکھائیں، انہوں نے کہا کہ گرانٹ ملنے سے سپورٹس کے بہتر نتائج آئیںگے،روایتی کھیلوں کو بھی گرانٹ دی ہے تاکہ پنجاب کی ثقافت کو بھی فروغ ملے،ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں سپورٹس کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، سپورٹس ایسوسی ایشنز کیلئے ووچر اکائونٹ دینا لازمی ہوگا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹ کی مد میں مناسب رقم دی گئی ہے،اب وہ اپنی سرگرمیاں تیزکردیں،سپورٹس ایسوسی ایشنز کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا جس سے گرائونڈز، سٹیڈیمز اور جمنازیم ہال آباد ہونگے، سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹ ملنے سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،فنڈز ملنے سے کھلاڑیوں کو مزید سہولیات ملیں گی اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب کی 12سپورٹس ایسوسی ایشنز کو ملنے والی گرانٹ کی تفصیل اس طرح ہے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو مزید 20 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا اس طرح پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو کل 50لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کو 10لاکھ روپے،پنجاب باکسنگ ،پنجاب والی بال ایسوسی ایشنز کو 7،7لاکھ روپے ،پنجاب کک باکسنگ ایسوسی ایشن کو 5لاکھ روپے ،پنجاب کونوئنگ ،پنجاب باڈی بلڈنگ ،پنجاب جونیئر سپورٹس ، پنجاب روئنگ،ٹگ آف وار ایسوسی ایشنزکو 3، 3لاکھ روپے جبکہ موئے تھائی ، سکی ایسوسی ایشنز کو 2،2لاکھ روپے دیئے گئے۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 22:05:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :