ٹی 10 کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظراب دیگر ممالک میں بھی لیگ کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے،چیئرمین شجیع الملک

بدھ 7 دسمبر 2022 17:37

ٹی 10 کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظراب  دیگر ممالک میں بھی لیگ کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے،چیئرمین شجیع الملک
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2022ء) متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں ٹی 10 لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے بعد ٹی 10 گلوبل کی انتظامیہ اب دیگر ممالک میں لیگ کے انعقاد کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی 10 گلوبل کے چیئرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ٹی 10 کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر دیگر ممالک میں انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے، اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ان ممالک میں کیا جائے گا جو بنیادی طور پر اس کھیل سے دور ہیں، انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ ، ایشیا اور افریقہ کے بعد امریکہ اور یورپ میں ٹی 10 لیگ کا انعقاد کیا جائے گا اور ہم پر امید ہیں کہ بہت جلد ٹی 10 اولمپکس گیمز میں بھی شامل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کرکٹ ایسوسی ایشن آف افریقہ کے چیئرمین کوام اسارے نے کہا کہ افریقی ممالک میں ٹی 10 کا انعقاد کرکٹ کے فروغ کے لئے اہم ثابت ہو گا جس سے نئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا، چیئرمین زمبابوے کرکٹ ڈاکٹر تیونگوا مکوہلانی کا کہنا تھا کہ زمبابوے میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد زمبابوے میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے جس سے نئے ٹیلنٹ کو بہترین مواقع ملیں گے اور ہماری خواہش ہے کہ یہ کھیل مقبول ہو، افریقہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او قاسم سلیمان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا یہ مختصر ترین فارمیت بلاشبہ انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ہے، یہ ایسے ممالک میں بھی پسند کیا جا رہا ہے جو بنیادی طور پر کرکٹ کے ممالک نہیں ہیں۔

وقت اشاعت : 07/12/2022 - 17:37:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :