رونالڈو کے بعد میسی نے بھی سعودی عرب آنے کی تیاری کرلی

عالمی چیمپئن ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے سٹار فٹبالر اسی مہینے مملکت پہنچیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 مارچ 2023 13:56

رونالڈو کے بعد میسی نے بھی سعودی عرب آنے کی تیاری کرلی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 مارچ 2023ء ) فٹبال کی دنیا کے معروف نام کرسٹیانو رونالڈو کے بعد ایک اور سٹار فٹبالر لیونل میسی نے بھی سعودی عرب آنے کی تیاری کرلی۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں سیاحت کے وزیر احمد الخطیب نے اعلان کیا ہے کہ ارجنٹائن کے فٹبال سٹار لیونل میسی مارچ کے مہینے کے دوران اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ سعودی عرب کا دور ہ کریں گے، وہ سعودی عرب میں مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کریں گے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں سعودی وزیر سیاحت نے کہا کہ میں ایک بار پھر سعودی سیاحت کے سفیر عالمی سٹار لیونل میسی کو اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ اس ماہ سعودی عرب کے اپنے دوسرے دورے پر سب سے خوبصورت سعودی سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کے لیے خوش آمدید کہتا ہوں، وہ اپنے اس سفر کے دوران ہمارے غیر معمولی تجربات اور ہمارے لوگوں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں گے۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر سیاحت اس سے پہلے یہ بھی بتاچکے ہیں کہ سب سے زیادہ گولڈن بال کا ایوارڈ جیتنے والے میسی سعودی سیاحت کے سفیر بن گئے ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ برس سعودی عرب کے شہر بالخصوص جدہ کے علاوہ بحیرہ احمر کا بھی دورہ کیا تھا۔ قبل ازیں لیونل میسی کے سعودی عرب کے کلب الہلال میں شمولیت کی سنسنی خیز اطلاعات بھی سامنے آچکیں ہیں، اس حوالے سے گلف نیوز نے اطالوی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کے کلب الہلال نے اپنے دور کے بہترین فٹ بال کھلاڑیوں میں سے ایک اور اکثر دنیا میں بہترین سمجھے جانے والے لیونل میسی کے ساتھ مستقبل قریب میں اپنی ٹیم میں شامل ہونے کا معاہدہ کیا ہے، الہلال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کے اپنے حریف النصر کلب میں شامل ہونے کے فوراً بعد ہی اپنی کلب شاپ میں میسی کی شرٹس بھی فروخت کے لیے پیش کردی ہیں تاہم اس ممکنہ منتقلی کے بارے میں میسی یا الہلال کلب کی طرف سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

وقت اشاعت : 09/03/2023 - 13:56:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :