بھارت اور آسٹریلیاکی ٹیموں کےدرمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ بدھ کو کھیلا جائے گا

منگل 21 مارچ 2023 09:40

چنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) بھارت اور آسٹریلیاکی ٹیموں کےدرمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل( بدھ کو )ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی میں کھیلا جائے گا،دونوں ٹیموں کے درمیان جاری ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ ممبئی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے کم بیک کرتے ہوئے میزبان بھارت کو 10 وکٹوں سے نہ صرف مات دی بلکہ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بھارت نے مہمان آسٹریلیا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے کینگروز کو ایک اننگز اور 132 رنز سے مات دی، نئی دہلی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان بھارت نے ایک مرتبہ پھر آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور اندور میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں کینگروز نے بھارت کو 9 وکٹوں ہرا دیالیکن دونوں ٹیموں کےدرمیان احمد آباد میں کھیلاگیا سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا اور یوں چار میچوں کی سیریز بھارت نے نہ صرف آسٹریلیا سے 1-2 سے جیت بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا فیصلہ کن میچ 22 مارچ کو چنائی میں شیڈول ہے۔ روہت شرما ون ڈے سیریز میں بھارتی ٹیم کو لیڈ کر رہے ہیں جبکہ مایہ ناز فاسٹ بائولر پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں سٹیون سمتھ کینگروز کی قیادت کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/03/2023 - 09:40:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :