ورلڈکپ میں پاکستان کے سفر کا شکست پر اختتام

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کے میدان پر انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی، سابق عالمی چیمپئن کیخلاف شکست کے باوجود قومی ٹیم پانچویں پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 نومبر 2023 21:06

ورلڈکپ میں پاکستان کے سفر کا شکست پر اختتام
کولکتہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 نومبر 2023ء ) ورلڈکپ میں پاکستان کے سفر کا شکست پر اختتام، کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کے میدان پر انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم رواں ورلڈکپ کے دوران 9 میں سے صرف 4 فتوحات حاصل کر سکی۔ تاہم کولکتہ میں انگلینڈ کیخلاف شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں پانچویں پوزیشن بچانے میں کامیاب رہی، پاکستان کو پانچویں پوزیشن بچانے کیلئے کم از کم 188 رنز درکار تھے۔

پاکستان کی جانب سے صرف آغا سلمان نصف سینچری اسکور کر کے نمایاں رہے، انہوں نے 51 رنز کی اننگ کھیلی، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے اپنے کیرئیر کا آخری ایک روزہ میچ کھیلنے والے ڈیوڈ ولی 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن 244 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم اپنی اننگ کے آغاز میں ہی آفیشلی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر ہوگئی تھی۔

ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا، پاکستان کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا تھا تو یہ ہدف 6.2 اوور میں پورا کرنا تھا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو 82 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، تاہم ڈیوڈ ملان 31 اور جونی بیرسٹو 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تیسری وکٹ کی شراکت میں بین سٹوکس اور جو روٹ نے 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

بین اسٹوکس نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز جبکہ مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک نے 30 اور جوز بٹلر نے27 رن بنائے، معین علی 8 رن بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے3، محمد وسیم نے3، شاہین آفریدی نے 2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رن بنائے۔

قبل ازیں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ لیگ کے آخری میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے تاکہ نیٹ ریٹ بہتر کرکے تاریخ رقم کرسکیں لیکن کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے کہ حسن علی کی جگہ شاداب خان کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستان کا اسکواڈ کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونئیر، حارث رؤف پر مشتمل تھا جب کہ انگلینڈ کے سکواڈ میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل تھے۔
وقت اشاعت : 11/11/2023 - 21:06:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :