وارنر کو کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہیں بنانے دوں گا، شاہین آفریدی پرعزم

قومی ٹیم کے پاس تجربہ زیادہ نہیں ، امید ہے کہ آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریںگے : فاسٹ باولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 دسمبر 2023 14:27

وارنر کو کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہیں بنانے دوں گا، شاہین آفریدی پرعزم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2023ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ مینوکا میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ کیرئیر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں تاہم ان کے کیرئیر کی آخری ٹیسٹ یادگار نہیں بننے دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے پاس تجربہ زیادہ نہیں لیکن کینبرا میں شیڈول پریکٹس میچ سیریز کی تیاری کے اہم ہوگا، امید ہے کہ آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان فی الحال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کینبرا میں 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر کو ہوگا، قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جنہیں پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ اسکواڈ میں دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی، شاہین آفریدی اور امام الحق شامل ہیں۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔                                    
وقت اشاعت : 03/12/2023 - 14:27:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :