لڑ کر جوتے پہننے کی اجازت لوں گا، عثمان خواجہ فلسطینیوں کے حق میں ڈٹ گئے

جوتوں پر لکھی تحریرمجھے نہیں لگتا سیاسی ہے ، یہ ایک انسانی اپیل ہے : پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 دسمبر 2023 13:37

لڑ کر جوتے پہننے کی اجازت لوں گا، عثمان خواجہ فلسطینیوں کے حق میں ڈٹ گئے
پرتھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 دسمبر 2023ء ) پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ فلسطینیوں کی آواز بن گئے، ٹیسٹ کرکٹر نے معصوم فلسطینیوں کے حق میں ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا میں لڑ کر جوتے پہننے کی اجازت لوں گا۔ عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’’آئی سی سی نے مجھے کہا ہے کہ آپ وہ جوتے نہیں پہن سکتے ،آپ کے جوتوں پر سیاسی تحریر درج ہے، مجھے نہیں لگتا یہ سیاسی ہے یہ ایک انسانی اپیل ہے، آٸی سی سی قوانین کی عزت کرتا ہوں لیکن میں لڑوں گا ۔

میں زیادہ بات نہیں کروں گا جو لوگ میرے عمل سے ناراض ہوئے ان سے سوال ہے، کیا آزادی سب کے لیے نہیں ہے؟ کیا تمام انسانی جانیں برابر نہیں ہیں؟ مجھے فرق نہیں پڑتا آپ کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، میرے لیے ایک مسلمان، ایک یہودی اور ایک ہندو سب کی جانیں برابر ہیں ،میں کسی کی طرف نہیں ہوں میرے لیے انسانی جانیں برابر ہیں ، میں ان کی آواز بن رہا ہوں جو خود نہیں بول سکتے، جب میں ہزاروں معصوم بچوں کو مرتا دیکھتا ہوں تو مجھے اپنی دونوں بیٹیاں نظر آتی ہیں، اگر میری بیٹیوں کے ساتھ ایسا ہوتا، کوٸی اپنی مرضی سے پیدا ہونے کی جگہ نہیں چنتا، پوری دنیا نے ان لوگوں سے منہ موڑ لیا ہے‘‘۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹریننگ کے دوران مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جوتوں پر فلسطینی عوام سے ہمدردی کے نعرے لکھے تھے۔
وقت اشاعت : 13/12/2023 - 13:37:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :